دلہن کے ذریعے لوٹنے والے 6 رکنی گروہ کے خلاف مقدمہ

 دلہن کے ذریعے لوٹنے والے 6 رکنی گروہ کے خلاف مقدمہ

دلہن کے ذریعے لوٹنے والے 6 رکنی گروہ کے خلاف مقدمہ خاتون نے رقم واپس مانگی تو ملزم رقم اور زیورات لے کر فرار ہونے لگے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر )جعلی نکاح، فرضی رشتہ دار اور پھر لاکھوں کی نقدی اور سونا لے کر فرار کی کوشش ، سرگودھا پولیس نے سادہ لوح شہریوں کو \" دلہن\" کے ذریعے لوٹنے والے 6 رکنی گروہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کے مطابق نواحی گاؤں 109 جنوبی کی رہائشی منور بی بی نے مقدمہ میں موقف اختیار کیا ہے کہ ملزم اسلم، جس سے ان کی پہلے سے جان پہچان تھی، نے انہیں اپنے بھانجے کے لیے ایک لڑکی \'ماہ نور\' کا رشتہ دکھایا۔بات چیت آگے بڑھی اور کچہری میں 27 فروری 2026کو مبینہ طور پر ایک جعلی اور فرضی نکاح نامہ بھی تیار کروایا گیا۔کچہری میں بیٹھ کر نکاح کے کاغذات پر دستخط ہوئے ، مٹھائیاں بانٹی گئیں لیکن دھوکے کا جال اس وقت مزید گہرا ہوا جب ملزمان نے خاتون کو اعتماد میں لے کر ان کے پاس موجود 3 لاکھ روپے کی نقدی بطور امانت اپنے پاس رکھ لی، یہ کہہ کر کہ سفر میں اتنی رقم لے جانا خطرے سے خالی نہیں۔

تاہم، جب خاتون نے 4 مارچ 2026 کو اپنی رقم واپس مانگی تو ملزم رقم اور زیورات لے کر فرار ہونے لگے ۔ خاتون کے شور مچانے پر اہل علاقہ نے ایک ملزم کو موقع پر پکڑ کر 15 پر کال کر دی۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ یہ ایک پیشہ ور گروہ ہے جو شادی کا ڈرامہ رچا کر لوگوں کو لوٹتا ہے اور بعد ازاں زنا کے جھوٹے مقدمات یا سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر رقم ہضم کر جاتا ہے ۔ پولیس نے منور بی بی کی مدعیت میں نامزد ملزمان اسلم، فاطمہ عرف فرزانہ، ماہ نور اور غلام مصطفیٰ اور 4 نامعلوم افراد ملزمان کیخلاف (دھوکہ دہی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں