پاکستان نے خطے کو ایک بڑے تصادم سے بچایا ، شہادت اعوان
پاکستان نے خطے کو ایک بڑے تصادم سے بچایا ، شہادت اعوان تیل کی منڈی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، ممالک کو بھی ریلیف ملے گا
جوہرآباد(نمائندہ دُنیا)سابق وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ملک شہادت اعوان نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے مابین عارضی جنگ بندی کا اعلان پاکستان کی مضبوط، متوازن اور مدبرانہ سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے اس اہم پیش رفت نے نہ صرف خطے کو ایک بڑے تصادم سے بچایا بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کی نئی راہیں بھی کھول دی ہیں ۔ میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جس نے ہمیشہ امن، مذاکرات اور باہمی احترام کے اصولوں کو فروغ دیا ہے ، پاکستان کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے کہ اس نے اس نازک صورتحال میں انتہائی دانشمندی کے ساتھ عالمی حالات کا ادراک کرتے ہوئے ایسا موقف اختیار کیا جو نہ صرف قومی مفاد کے مطابق تھا بلکہ خطے کے وسیع تر امن کے لیے بھی سودمند ثابت ہوا۔ امریکہ ایران جنگ بندی سے پاکستان ایک ذمہ دار اور فعال سفارتی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اہم پیش رفت کے عالمی معیشت، خصوصا تیل کی منڈی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، جس سے ترقی پذیر ممالک کو بھی ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات قومی اتحاد، سنجیدگی اور مثبت سوچ کے متقاضی ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی، سماجی اور فکری حلقوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دیں اور پاکستان کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔