پری فلڈ پلاننگ پر عملدرآمد، اداروں کو ہائی الرٹ کی ہدایت

پری فلڈ پلاننگ پر عملدرآمد، اداروں کو ہائی الرٹ کی ہدایت

پری فلڈ پلاننگ پر عملدرآمد، اداروں کو ہائی الرٹ کی ہدایت محکمے باہمی رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں ،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا کا مون سون سے قبل اربن فلڈنگ کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کا حکم،پری فلڈ پلاننگ پر مکمل عملدرآمد، تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے ،نشیبی علاقوں کی نشاندہی، نکاسی آب کی بہتری اور ڈی سلنگ کے کام تیز کرنے کا ٹاسک دیدیاگیا۔کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے پیشگی اقدامات مکمل کریں اور پری فلڈ پلاننگ پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں کی نشاندہی، نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری و عملے کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے باہمی رابطے کو مؤثر بناتے ہوئے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے ۔ شہری علاقوں میں بارشوں کے دوران پانی کے بروقت نکاس کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے جبکہ دیہی علاقوں میں بھی حفاظتی اقدامات کو نظرانداز نہ کیا جائے ۔کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ڈویژن بھر میں جاری پی ڈی پی کے پراجیکٹس 30 جون سے قبل ہر صورت مکمل کیے جائیں اور 24 گھنٹے کام جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا شہری علاقوں میں ڈی سلنگ کا عمل تیز کرے جبکہ جہاں واسا موجود نہیں وہاں لوکل گورنمنٹ یہ ذمہ داری انجام دے ۔ مزید برآں دریا کے پاٹ میں کسی قسم کی آبادی یا تجاوزات کی اجازت نہ دی جائے ،اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے چاروں ڈپٹی کمشنرز نے پری فلڈ انتظامات، کانٹی جنسی پلانز اور فلڈ ریلیف کیمپس کے لیے مختص مقامات سے آگاہ کیا۔ چیف انجینئر انہار نے فلڈ بندوں کی موجودہ صورتحال، جاری منصوبوں، ٹائم لائنز، پہاڑی سیلابی ریلوں کے خدشات اور ڈرینج سسٹم کی بہتری سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے نالوں کی ڈی سلنگ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں