تمام ہومیوپیتھک اپنے علاقوں میں ہر ماہ دو دن مختص کریں، ڈاکٹر محمد رفیع
کندیاں(نمائندہ دنیا)ضلعی صدر ڈاکٹر محمد رفیع اور سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر مظہر حسین تمغہ بقا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں ہومیوپیتھک علاج ایک سستا، مؤثر اور نسبتاً بے ضرر طریقہ علاج ہے ، جس سے عام آدمی کم خرچ میں بہتر طبی سہولیات حاصل کر سکتا ہے ۔
انہوں نے ضلع میانوالی کے تمام ہومیوپیتھک ڈاکٹرز سےاپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ہر ماہ دو دن خصوصی طور پر مختص کریں، جن میں مستحق اور نادار مریضوں کا مفت معائنہ اور علاج کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل مقصد ہے اور ہومیوپیتھک ڈاکٹرز کو چاہیے کہ وہ اپنے پیشے کو صرف کاروبار نہیں بلکہ خدمتِ خلق سمجھتے ہوئے عوام کی مدد کریں۔ اس اقدام سے نہ صرف غریب مریضوں کو ریلیف ملے گا بلکہ ہومیوپیتھی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔