مہنگائی کے طوفان سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ،آسیہ مقبول
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سیاسی رہنما آسیہ مقبول نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کے طوفان سے غریب عوام شدید مشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو انتہائی مشکل بنا دیا ہے ۔
خصوصاً غریب اور متوسط طبقہ اس وقت شدید پریشانی میں مبتلا ہے ، جہاں روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی ایک چیلنج بن چکا ہے ۔ آسیہ مقبول نے کہا کہ گھروں کے کرائے میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جس کے باعث شہری علاقوں میں رہائش اختیار کرنا عام آدمی کے لیے تقریباً ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب بجلی اور سوئی گیس کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ۔ کئی گھرانے ایسے ہیں جو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے کے درمیان توازن قائم نہیں کر پا رہے ۔ آسیہ مقبول کا کہنا ہے کہ آمدن میں اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ اخراجات روز بروز بڑھتے جا رہے ہیں۔