مچھروں کی یلغار نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی
مچھروں کی یلغار نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی پورے علاقہ میں ملیریا اور ڈینگی کی وبا پھیلنے کا اندیشہ ، بارشوں سے مچھر بڑھ گیا
خوشاب(نمائندہ دُنیا)جوہر آباد اور نواحی علاقوں میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی مچھروں کی یلغار نے شہریوں کی زندگی عذاب بنا دی ہے ، حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد جوہر آباد اور گردو نواح کے نشیبی علاقوں میں جوہڑوں کی شکل میں اکٹھا ہونیوالے پانی مچھروں کی افزائش گا ہ بنا ہوا ہے اور پورا علاقہ مچھروں کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے پورے علاقہ میں ملیریا اور ڈینگی کی وبا پھیلنے کا اندیشہ ہے ۔
جوہرآباد کے سماجی اور عوامی حلقوں نے اس صورتحال پر شدید رد عمل کا اطہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے استدعا کی ہے کہ گندے پانی کے ان جوہڑوں کو ختم کرنے اور مچھروں کی افزائش کا سلسلہ رکوانے کیلئے متعلقہ اداروں کو سپرے کرانے کا پابند بنایا جائے ، شہریوں کے مطابق مکھیوں اور مچھروں کی تلفی کیلئے سپرے کرانا محکمہ صحت کی ذمہ داری ہے لیکن بد قسمتی سے گزشتہ دس برسوں میں جوہر آباد اور گردو نواح کے کسی بھی علاقہ میں سپرے کرانے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی اور متعلقہ ادارے کی مجرمانہ غفلت کے باعث آئے روز مچھروں کی یلغار میں اضافہ ہو رہا ہے انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث مچھر کھلے عام پھیل رہے ہیں، جس سے ڈینگی، ملیریا اور دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے ۔