جی سی یومیں معرکہ حق کی کامیابی پررنگا رنگ تقریبات
ملی نغموں، ڈرامہ وکلچرل پرفارمنس کے ذریعے پاک فوج کو خراج تحسین پیش
فیصل آباد (نیوز رپورٹر )گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے قائد اعظم ایڈیٹوریم میں معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے عظیم فتح کی یاد میں رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر ندیم سہیل، یونیورسٹی ڈینز ، ڈائریکٹر ز، شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی ممبران سمیت طلباو طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ملی نغموں، ڈرامہ و کلچرل پرفارمنس کے علاوہ افواج پاکستان کے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کی یاد میں ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رؤف اعظم نے معرکہ حق کاسال مکمل ہونے پر پاک فوج اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ وطن کے دفاع کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ قیادت، بہترین عسکری حکمتِ عملی اور دفاعِ وطن کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص قومی اتحاد، مضبوط دفاع اور ریاستی استحکام کی علامت بن چکا ہے ، جس نے قوم اور افواجِ پاکستان میں یکجہتی کو مزید مستحکم کیا ہے ۔