ڈپٹی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی پر فائرنگ کا نوٹس
ڈپٹی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی پر فائرنگ کا نوٹس ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دیں
میانوالی (نامہ نگار )ڈی پی او میانوالی وقار عظیم کھرل نے ڈپٹی ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی ڈاکٹر عاصم حیات خان پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر عاصم حیات خان اپنی رہائش گاہ سے گاڑی پر روانہ ہوئے تو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجہ میں ڈاکٹر عاصم حیات خان محفوظ رہے جبکہ ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ڈی پی او میانوالی نے ایس پی انوسٹی گیشن میانوالی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات، شواہد کے حصول اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ڈی پی او میانوالی کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔