سرکاری محکموں میں بلوں میں گھپلے روکنے کی ہدایت
محکمہ صحت، تعلیم، زراعت اور دیگرشعبوں میں بھی واجبات کی ادائیگی کے دوران قواعد کی مکمل پاسداری نہ کیے جانے کا خدشہ ،قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا مالی سال کے اختتام پر بے ضابطگی، جعلی کلیم، غیر مجاز ادائیگی یا قواعد کے برعکس بلوں کی منظوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔تمام ادائیگیاں مقررہ مالی قواعدکی بنیاد پر کی جائیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) صوبائی فنانس ڈیپارٹمنٹ نے مالی سال 2025-26 کے اختتام کے پیش نظر سرکاری محکموں میں بلوں اور واجبات کی ادائیگی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں،ذرائع کے مطابق مالی سال کے آخری دنوں میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر واجبات کی ادائیگیوں میں غیر معمولی تیزی آ جاتی ہے ، جس سے بعض محکموں میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور مالی بے ضابطگیوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ ہائی ویز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، بلڈنگز، لوکل گورنمنٹ اور مختلف بلدیاتی اداروں میں منصوبوں کے بلوں کی کلیٔرنس کے لیے بعض عناصر وقت کی کمی کو جواز بنا کر غیر قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض معاملات میں ٹھیکیداروں اور متعلقہ افراد سے بھاری کمیشن وصول کرکے بلوں کی منظوری اور ادائیگیوں کو ترجیح دینے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، اسی طرح محکمہ صحت، تعلیم، زراعت اور دیگر سرکاری شعبوں میں بھی واجبات کی ادائیگی کے دوران قواعد کی مکمل پاسداری نہ کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ،اس صورتحال کے پیش نظر فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ٹریژری ونگ نے تمام ضلعی افسران، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس دفاتر اور متعلقہ حکام کو آگاہ کیا ہے کہ ماضی میں مالی معاملات پر کمزور نگرانی اور ناکافی چیک اینڈ بیلنس کے باعث قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔ اس لیے موجودہ مالی سال کے اختتام پر کسی بھی قسم کی بے ضابطگی، جعلی کلیم، غیر مجاز ادائیگی یا قواعد کے برعکس بلوں کی منظوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ہدایت کی ہے کہ تمام ادائیگیاں مقررہ مالی قواعد، بجٹ دستیابی، انتظامی منظوری اور مکمل دستاویزی شواہد کی بنیاد پر کی جائیں۔ متعلقہ افسران کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی سطح پر مالی بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال یا سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش سامنے آئی تو ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف فوری محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،محکمہ خزانہ نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ مالی سال کے آخری ایام میں غیر ضروری جلد بازی سے گریز کیا جائے اور تمام مالی معاملات میں شفافیت، احتساب اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے تاکہ سرکاری وسائل کا تحفظ اور عوامی فنڈز کا درست استعمال ممکن بنایا جا سکے۔