ایف آئی اے ،پولیس اہلکاروں کے روپ میں ڈکیتی کی واردات

ایف آئی اے ،پولیس اہلکاروں  کے روپ میں ڈکیتی کی واردات

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)تھانہ کینٹ کے علاقے چک 86 شمالی میں ڈکیتی اور مبینہ اغواء کی ایک بڑی واردات سامنے آئی ہے ، جہاں ایف آئی اے اور پولیس کی وردیوں میں ملبوس مسلح ملزمان ایک گھر میں داخل ہو کر لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، غیر ملکی کرنسی اور قیمتی موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے ۔

 جبکہ گھر کے مالک کو مبینہ طور پر اغواء کرکے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔پولیس میں درج مقدمے کے مطابق پانچ ملزمان سبز سرکاری نمبر پلیٹ والی سفید ٹویوٹا کرولا گرینڈے گاڑی میں سوار ہو کر آئے ۔ ملزمان نے خود کو ایف آئی اے اور پولیس اہلکار ظاہر کیا اور گھر میں داخل ہوتے ہی اہل خانہ کو یرغمال بنا لیا۔مدعی محمد عرفان کے مطابق ملزمان نے گن پوائنٹ پر 54 لاکھ روپے نقدی، 10 تولہ سونا، 1300 سعودی ریال اور تین قیمتی موبائل فون لوٹ لیے ۔ مدعی کا کہنا ہے کہ واردات کے دوران ایف آئی اے کی وردی میں ملبوس ایک شخص نے اسے ہتھکڑی لگا کر پستول تان کر دھمکیاں دیں۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے محمد عرفان کو زبردستی گاڑی میں بٹھا لیا اور اپنے ساتھ لے گئے ۔ راستے میں اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور کرنٹ بھی لگایا گیا۔ مدعی کے مطابق ملزمان مسلسل یہ کہتے رہے کہ ‘‘ڈی جی صاحب نے اوپر سے تمہارا نام بھیجا ہے ، تمہارے پاس ناجائز پیسہ اور بہت سی پراپرٹی ہے ، ہمیں وہ پیسہ چاہیے ورنہ مقابلے میں جان سے مار دیں گے ’’۔مزید بتایا گیا کہ ملزمان اسے 109 جنوبی پہاڑی کے قریب ایک سنسان مقام پر لے گئے جہاں شدید تشدد کے باعث نیم بے ہوش ہونے پر اسے سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگئے ۔متاثرہ شہری نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ واردات کے دوران چک 86 شمالی کے متعدد افراد تقریباً آدھا گھنٹہ گھر کے باہر موجود رہے ، تاہم کسی نے مداخلت نہ کی۔واقعے کی اطلاع پر تھانہ کینٹ پولیس نے محمد عرفان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی شناخت و گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں