موٹرسائیکل سوار نوجوان ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) 29 موڑ سلانوالی کے قریب فاروقہ ریلوے پھاٹک پر ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان ٹرین کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس وہاں سے گزر رہی تھی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے نوجوان کی عمر تقریباً 20 سال ہے اور اس کی شناخت سنور شہزاد کے نام سے ہوئی ہے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق موٹرسائیکل سوار ریلوے پھاٹک عبور کرنے کی کوشش کے دوران ٹرین کی زد میں آگیا۔
جس کے باعث اسے سر اور جسم کے مختلف حصوں پر شدید چوٹیں آئیں اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثے کے بعد مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی، جبکہ متعلقہ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔