کلورکوٹ جوڈیشل کمپلیکس ، جامعہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا
کلورکوٹ جوڈیشل کمپلیکس ، جامعہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیامسجد جوڈیشل کمپلیکس کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی:سیشن جج
کلورکوٹ (نمائندہ دنیا )جوڈیشل کمپلیکس کلورکوٹ میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی جامعہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلورکوٹ طارق مقصود نے ساتھی ججز کے ہمراہ سنگ بنیاد رکھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق مقصود نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کلورکوٹ کی جامعہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھنا ان کے لیے بڑے اعزاز اور سعادت کی بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ مسجد جوڈیشل کمپلیکس کلورکوٹ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے سیشن جج بھکر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے جامعہ مسجد کا منصوبہ منظور ہوا۔انہوں نے کہا کہ مسجد کی تعمیر میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ تعمیراتی معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
منصوبے کے تعمیراتی کام کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے گی تاکہ کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہو۔اس موقع پر مسجد کے تعمیراتی ٹھیکیدار نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلورکوٹ طارق مقصود کو منصوبے اور تعمیراتی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں طارق مقصود نے شجرکاری مہم کے تحت ایک پودا بھی لگایا اور درختوں کی اہمیت، افادیت، ماحولیاتی بہتری اور سایہ دار ماحول کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ہدایت کی۔تقریب میں شاہد حسن مغل سول جج فرسٹ کلاس، دانیال امجد گوندل سول جج کلورکوٹ، ظفر اقبال کلیار ڈی ایس پی سرکل کلورکوٹ، ملک محمد اسلم اے ڈی پی پی، شیخ محمد حنیف صدر بار ایسوسی ایشن کلورکوٹ، ملک غلام قاسم جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن کلورکوٹ، وکلا برادری، عدالتی عملہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلورکوٹ طارق مقصود نے ساتھی ججز کے ہمراہ بار روم کلورکوٹ کا دورہ کیا اور وکلا برادری سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلۂ خیال کیا۔