منشیات نوجوان نسل کیلئے زہرِ قاتل :صاحبزادہ ابرار احمد بگوی
منشیات نوجوان نسل کیلئے زہرِ قاتل :صاحبزادہ ابرار احمد بگویجنسی بے راہ روی بھی خطر ناک ،نو جوان نسل کو بچانا ہو گا :اجتماع سے خطاب
بھیرہ (نامہ نگار)مجلس حزب الانصار کے امیر اور مفتی شہر صاحبزادہ ابرار احمد بگوی نے کہا ہے کہ منشیات اور جنسی بے راہ روی نوجوان نسل کے لیے زہرِ قاتل ہیں، جن سے نئی نسل کو بچانے کے لیے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔جامع مسجد بگویہ بھیرہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اولاد والدین کے پاس اللہ تعالیٰ کی امانت ہے اور ان کی بہتر تربیت نہ صرف خاندانی بلکہ دینی فریضہ بھی ہے ۔ انہوں نے دورِ حاضر میں بڑھتے ہوئے منشیات کے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ زہر ہماری نئی نسل کی رگوں میں اتارا جا رہا ہے ، لہٰذا والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو منشیات اور دیگر سماجی برائیوں سے محفوظ رکھیں اور ان کی تربیت اسلامی اصولوں کے مطابق کریں۔صاحبزادہ ابرار احمد بگوی نے کہا کہ مجلس حزب الانصار کی جانب سے نوجوانوں کی تربیت کے لیے شروع کیا جانے والا پروگرام سماجی خدمت، کردار سازی اور اصلاحِ معاشرہ کے جذبے کا عملی مظہر ثابت ہوگا۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشی اور جنسی ہراسمنٹ میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ نوجوان نسل کو محفوظ، پُرامن اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔اجتماع کے اختتام پر استحکامِ پاکستان، امن، رواداری اور وطنِ عزیز کی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔