مرمتی کام کے نام پر طویل لوڈ شیڈنگ،شہری مشکلات کا شکار
مرمتی کام کے نام پر طویل لوڈ شیڈنگ،شہری مشکلات کا شکار گھریلو صارفین، طلبہ، مریض اور تاجر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں
کندیاں (نمائندہ دنیا ) پرمٹ اور مرمتی کام کے بہانے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ نے کندیاں کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔لائن پاسنگ اور مرمتی کام کے نام پر واپڈا حکام کی جانب سے روزانہ کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھی جا رہی ہے ، جس کے باعث گھریلو صارفین، طلبہ، مریض اور تاجر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مرمت کے نام پر صبح سے شام تک بجلی غائب رہتی ہے ، جبکہ شدید گرمی اور حبس میں بغیر بجلی گزارہ انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ ہر روز نیا پرمٹ اور نیا بہانہ بنایا جا رہا ہے ، کبھی لائن پاسنگ اور کبھی مرمت کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو جواز بنایا جا رہا ہے ۔شہریوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی، چیف ایگزیکٹو فیسکو اور ڈپٹی کمشنر میانوالی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور کندیاں میں بجلی کی بلاجواز بندش ختم کر کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔