مستحقین کو مفت قانونی معاونت کے اقدامات:ملک عامر شہزاد
مستحقین کو مفت قانونی معاونت کے اقدامات:ملک عامر شہزادتمام متعلقہ اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا،ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا ملک عامر شہزاد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن اور محکمہ پراسیکیوشن پنجاب کی ہدایات کے مطابق مستحق اور نادار شہریوں کو مفت قانونی معاونت کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کوئی بھی شہری مالی مشکلات کے باعث انصاف سے محروم نہ رہے ۔انہوں نے کہا کہ فیملی کیسز سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات میں ایسے افراد جو وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے ، انہیں حکومت پنجاب کے تحت فری لیگل ایڈ فراہم کی جا رہی ہے ۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے ۔ملک عامر شہزاد نے بتایا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ، عدلیہ اور پرائیویٹ بار کونسلز کو آن بورڈ لیا گیا ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی آگاہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کے قانونی حقوق اور مفت قانونی امداد کی سہولت سے آگاہ کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزیر رانا بلال، سیکرٹری پراسیکیوشن سلمان غنی اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ کی قیادت میں اس پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے ۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی شہری فری قانونی معاونت حاصل کرنا چاہتا ہے تو ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن آفس سے رابطہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی کے لیے بینرز، پوسٹرز اور معلوماتی مواد مختلف سرکاری دفاتر اور تھانوں میں آویزاں کیا گیا ہے تاکہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔