مریم نواز ہیلتھ کلینک پھلروان کو جدید لیبارٹری سامان عطیہ
مریم نواز ہیلتھ کلینک پھلروان کو جدید لیبارٹری سامان عطیہ پروقار تقریب کا انعقاد ، سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور شہریوں کی شرکت
پھلروان (نمائندہ دنیا )پھلروان میں صحت کی بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ شہر کے معروف اور مخلص شہری مرحوم راؤ سعید کے بیٹوں برگیڈیئر (ر) طارق سعید، توحید سعید اور طاہر سعید نے مریم نواز ہیلتھ کلینک پھلروان کو لاکھوں روپے مالیت کا جدید لیبارٹری سامان عطیہ کر دیا۔اس سلسلے میں ہیلتھ کلینک میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سرگودھا کے ڈویژنل صدر شاہنواز رانجھا اور پنجاب بار کونسل کی فنانس کمیٹی کے چیئرمین میاں عبدالقدیر جالپ خصوصی طور پر شریک ہوئے ، جبکہ پھلروان کے سینکڑوں نوجوان اور معززینِ علاقہ بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر شہریوں نے کلینک کو جدید طبی سامان فراہم کرنے پر برگیڈیئر (ر) طارق سعید، توحید سعید اور طاہر سعید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے جذبئہ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے دوران مقامی نوجوانوں نے مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر شاہنواز رانجھا کی توجہ پھلروان کے دیرینہ مسائل اور شہر کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافیوں کی جانب مبذول کرائی۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پھلروان کو اس کا جائز قانونی حق دیا جانا چاہیے ۔ عوامی مسائل اور مطالبات سننے کے بعد شاہنواز رانجھا نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وفاقی وزیر ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ کے ساتھ مل کر پھلروان کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دلوانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ان کی یقین دہانی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قیادت کا شکریہ ادا کیا۔