چائلڈلیبر، فیکٹریوں ورکشاپس کے معائنے کا حکم
مانیٹرنگ ادارے نے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیا ، سرویلنس اور انسپکشن نظام کو مزید فعال بنایا جائے :حکومت کی ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایات پر لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے سرگودھا ریجن میں چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے فیکٹریوں، ورکشاپس، مارکیٹوں اور دیگر کاروباری مراکز کا ازسرنو معائنہ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ ادارے کی جانب سے صوبائی حکومت کو ارسال کردہ رپورٹ میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بھٹہ خشت سمیت مختلف صنعتی اور تجارتی مراکز پر بچوں سے مشقت لینے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ ایک سال کے دوران چند کارروائیاں کرکے سرکاری ریکارڈ میں پیش رفت ظاہر کی، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں اور متعدد مقامات پر کم عمر بچوں سے مزدوری کرائی جا رہی ہے ۔اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت نے ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرویلنس اور انسپکشن نظام کو مزید فعال بنایا جائے ۔ متعلقہ ٹیمیں فیکٹریوں، ورکشاپس، بازاروں، مارکیٹوں اور دیگر کام کی جگہوں کے باقاعدہ دورے کریں اور چائلڈ لیبر کے خلاف مؤثر کارروائی کو یقینی بنائیں۔حکام کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب افراد اور اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ بچوں کو مشقت سے نکال کر تعلیم اور فلاحی پروگراموں سے جوڑنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔