للیانی میں پالتو کتے کے حملے سے 10 سالہ بچی زخمی
محمد اسلم کی بیٹی عشرت گھر واپس جا رہی تھی رضوان اور عرفان نے کتا چھوڑ دیا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)تحصیل کوٹ مومن کے علاقے للیانی میں 10 سالہ بچی پالتو کتے کے حملے میں زخمی ہو گئی۔پولیس کے مطابق محنت کش محمد اسلم کی بیٹی عشرت قریبی دکان سے دودھ لے کر گھر واپس جا رہی تھی کہ مبینہ طور پر ہمسایوں رضوان اور عرفان نے اپنا پالتو کتا اس پر چھوڑ دیا، جس کے نتیجے میں بچی شدید زخمی ہو گئی۔موقع پر موجود راہگیروں نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے بچی کو کتے کے نرغے سے نکالا اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس نے متاثرہ بچی کے والد محمد اسلم کی مدعیت میں کتے کے مالکان رضوان اور عرفان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔