محرم کے دوران نجی ہسپتالوں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت
ڈاکٹر میاں کاشف علی کی زیر صدارت اجلاس ،طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ
میانوالی (نامہ نگار)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ میانوالی ڈاکٹر میاں کاشف علی کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈیولپمنٹ سینٹر میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے نجی ہسپتالوں کے مالکان اور ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداران اور عوام الناس کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر میاں کاشف علی نے کہا کہ محرم الحرام کے ایام انتہائی اہم ہیں، اس دوران تمام نجی ہسپتالوں کو مکمل طور پر الرٹ رہنا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایمرجنسی کی صورت میں اضافی بیڈز مختص کیے جائیں تاکہ فوری علاج ممکن بنایا جا سکے ، جبکہ طبی و پیرامیڈیکل عملہ ہر وقت دستیاب رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات، سرجیکل آلات اور دیگر طبی سامان وافر مقدار میں موجود ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں علاج معالجے میں رکاوٹ نہ آئے ۔اجلاس میں رجسٹرڈ بلڈ بینکس کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں، جس میں کہا گیا کہ ہر بلڈ بینک میں کم از کم 20 یونٹس خون ہر وقت موجود رکھا جائے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری فراہمی ممکن ہو۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران بہتر طبی سہولیات کی فراہمی قومی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے ۔ اجلاس میں شریک نجی ہسپتال انتظامیہ نے مکمل تعاون اور ہدایات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔