داؤدخیل میں شہدائے کربلا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا
داؤدخیل میں شہدائے کربلا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا پروفیسر علامہ مہتاب راجپوت نے سانحہ کربلا پر تفصیلی روشنی ڈالی
داؤدخیل (نمائندہ دنیا)تحریک منہاج القرآن داؤدخیل کے زیر اہتمام ڈیرہ چیئرمین امیر عبداللہ خان داؤدخیل کچہ میں شہدائے کربلا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے میزبان چیئرمین پٹرولیم شاہ سوار خان، ذکاء اللہ، چیئرمین ٹریڈرز اونرز دل جان خان اور عاقب خان تھے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر علامہ مہتاب راجپوت نے سانحئہ کربلا کے آغاز سے لے کر قافلۂ حسینی کے دمشق پہنچنے تک کے واقعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن کریم کی آیت \"جس نے رسول کی اطاعت کی، اس نے اللہ کی اطاعت کی\" کے مفہوم سے کیا اور کہا کہ حضرت امام حسنؓ و حضرت امام حسینؓ سے محبت، اللہ تعالیٰ کے حکم اور رسول اکرم ﷺ کی اطاعت کا تقاضا ہے ۔انہوں نے حضرت امام حسینؓ کی شہادت کے حوالے سے احادیث مبارکہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ غمِ حسین میں آنسو بہانا محبت و مودت کی علامت ہے ۔ علامہ مہتاب راجپوت نے کہا کہ سانحئہ کربلا ہمیں حق، صبر، استقامت اور قربانی کا درس دیتا ہے ، اس لیے ہمیں صرف قول ہی نہیں بلکہ اپنے عمل سے بھی حسینی کردار کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ مقررین نے واقعئہ کربلا کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔