غیر تربیت یافتہ ڈرائیور حادثات میں اضافے کا سبب بننے لگے
غیر تربیت یافتہ ڈرائیور حادثات میں اضافے کا سبب بننے لگےمناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث بعض یوٹرنز لو گوں کیلئے مشکلات کا باعث
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)پابندیوں کے باوجود لاہور روڈ پر ون وے کی مسلسل خلاف ورزیاں، بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیوروں کی بڑھتی ہوئی تعداد ٹریفک حادثات میں اضافے کی اہم وجوہات بن گئی ہیں۔ شہریوں اور مختلف دیہات کے مکینوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سرگودھا کو لاہور سے ملانے والی لاہور روڈ ضلع کی مصروف ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے ، جہاں روزانہ ہزاروں چھوٹی بڑی گاڑیاں، مسافر بسیں، ویگنیں، ٹرک، ٹرالے اور موٹر سائیکلیں گزرتی ہیں۔ ٹریفک کے شدید دباؤ کے باوجود متعدد مقامات پر ڈرائیور الٹی سمت سے گاڑیاں چلا کر ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہیں، جس کے باعث آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ہائی ویز کی جانب سے مختلف مقامات پر یوٹرنز تعمیر کیے گئے ، تاہم مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث بعض یوٹرنز اردگرد کی آبادیوں کے لیے مشکلات کا باعث بن گئے ہیں۔ شہریوں کے مطابق کئی مقامات پر طویل فاصلہ طے کرکے یوٹرن لینا پڑتا ہے ، جس کی وجہ سے بعض ڈرائیور شارٹ کٹ اختیار کرتے ہوئے ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور اپنی جان کے ساتھ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہور روڈ پر بغیر لائسنس، کم عمر اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیوروں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ٹریفک قوانین سے ناواقف ڈرائیور اوور اسپیڈنگ، غلط اوورٹیکنگ، جبکہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ اور گاڑی چلانے والے سیٹ بیلٹ کے استعمال سے بھی گریز کرتے ہیں۔، جس سے حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک لاہور روڈ پر 257 ٹریفک حادثات پیش آ چکے ہیں، جن میں 30 سے زائد سنگین حادثات کے نتیجے میں 50 سے زیادہ افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ، جن میں متعدد مستقل معذوری کا شکار بھی بن گئے ۔لاہور روڈ سے ملحقہ دیہات اور آبادیوں کے مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لیے جدید نگرانی کا نظام، اضافی ٹریفک پولیس نفری، اسپیڈ کیمرے اور حفاظتی بیریئرز نصب کیے جائیں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بغیر لائسنس اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ، خطرناک مقامات کی ازسرنو انجینئرنگ کی جائے اور یوٹرنز کا تکنیکی جائزہ لے کر انہیں عوامی ضرورت کے مطابق بہتر بنایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا مزید ضیاع روکا جا سکے ۔