سرکاری سکولوں میں سولر ائزیشن منصوبہ تاخیرکا شکار

 سرکاری سکولوں میں سولر ائزیشن منصوبہ تاخیرکا شکار

کروڑوں روپے مالیت کا منصوبہ انتظامی سست روی اور ابتدائی مراحل میں تاخیر کے باعث تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکا، لاگت میں بھی نمایاں اضافے کا خدشہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں سرکاری سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا کروڑوں روپے مالیت کا منصوبہ انتظامی سست روی اور ابتدائی مراحل میں تاخیر کے باعث تاحال عملی شکل اختیار نہ کر سکا، جبکہ نئے مالی سال میں بھی منصوبے پر کام شروع ہونے کے امکانات معدوم دکھائی دے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ توانائی نے منصوبے کے پہلے مرحلے میں سرگودھا ڈویژن کے 2 ہزار 100 سے زائد سرکاری سکولوں میں سولر انرجی سسٹم نصب کرنے کی منظوری دے رکھی ہے ۔ منصوبے کے تحت ضلع سرگودھا کے 623، خوشاب کے 514، میانوالی کے 495 اور بھکر کے 468 سرکاری سکولوں کو مرحلہ وار قومی گرڈ کے بجائے شمسی توانائی پر منتقل کیا جانا تھا تاکہ بجلی کے بڑھتے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کی منظوری کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان انتظامی معاملات اور متعلقہ محکموں کی سست روی کے باعث نہ تو ابتدائی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہو سکی ہے اور نہ ہی منصوبے کے لیے درکار فنڈز کی حتمی منظوری اور اجرا کا عمل آگے بڑھ سکا ہے ۔تعلیمی حکام کے مطابق منصوبے پر بروقت عملدرآمد سے سرکاری سکولوں کے بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی آئے گی، لوڈشیڈنگ کے دوران تدریسی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوں گی، جبکہ کمپیوٹر لیبارٹریوں، سمارٹ کلاس رومز اور دیگر برقی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ حکومت کو طویل مدت میں کروڑوں روپے کی بچت حاصل ہوگی۔ذرائع کے مطابق منصوبے میں مسلسل تاخیر کے باعث سکولوں کے سربراہان اور ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو نئے مالی سال میں بھی منصوبے پر عملی کام شروع ہوتا دکھائی نہیں دیتا، جس سے نہ صرف توانائی کی بچت کا ہدف متاثر ہوگا بلکہ سرکاری تعلیمی اداروں کو جدید اور ماحول دوست توانائی کی فراہمی کا منصوبہ مزید مؤخر ہونے کے ساتھ اس کی لاگت میں بھی نمایاں اضافے کا خدشہ ہے ۔تعلیمی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی فزیبلٹی، فنڈز کی منظوری اور ٹینڈرنگ کے مراحل جلد از جلد مکمل کرکے سرگودھا ڈویژن کے سرکاری سکولوں میں سولر انرجی سسٹم کی تنصیب کا عمل فوری شروع کیا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں