کمرشل علاقوں میں لو گ پارکنگ پر بھی قابض

کمرشل علاقوں میں لو گ پارکنگ پر بھی قابض

متعدد کمرشل پلازوں، شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوںپارکنگ کیلئے مختص جگہ نہیں چھوڑی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں کمرشل عمارتوں کی جانب سے پارکنگ قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں اور دیگر بلدیاتی اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں،ذرائع کے مطابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو موصول ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ متعدد کمرشل پلازوں، شاپنگ سینٹرز، مارکیٹوں اور دیگر تجارتی عمارتوں کے مالکان نے منظور شدہ نقشوں میں گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے مختص جگہ یا تو سرے سے نہیں چھوڑی، یا پھر پارکنگ کے لیے مختص حصے کو دکانوں، دفاتر، گوداموں اور دیگر تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث شہری علاقوں میں ٹریفک مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں،جس پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی حدود میں موجود تمام کمرشل عمارتوں کا ازسرنو جامع سروے کیا جائے۔

 اور ایسی تمام عمارتوں کی نشاندہی کی جائے جہاں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ،ایسی عمارتوں کو مستقل طور پر سیل کرنے ، بھاری جرمانے عائد کرنے اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے ،ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں کو فوری طور پر کارروائی مکمل کر کے تفصیلی عملدرآمد رپورٹ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں کی تعداد، عائد کیے گئے جرمانوں، سیل کی جانے والی عمارتوں اور دیگر قانونی اقدامات کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں