بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے :جماعت اسلامی
بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے :جماعت اسلامی خواتین اور نوجوانوں کو بھی خصوصی نمائندگی دی جائے گی : ڈاکٹر بابر رشید
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر بابر رشید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور ہر یونین کونسل میں اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کو بھی خصوصی نمائندگی دی جائے گی تاکہ مقامی حکومتوں میں فعال اور باصلاحیت قیادت سامنے آسکے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی پنجاب کے نائب امیر رانا عبدالوحید، ضلعی امیر محبوب الزماں بٹ، صدر سیاسی کمیٹی شیخ افضال شاہین، صدر پبلک ایڈ کمیٹی میاں انوارالحق ایڈووکیٹ، میاں طاہر ایوب اور چوہدری محمد سلیم بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر بابر رشید نے کہا کہ عوام تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کو آزما چکے ہیں اور اب انہیں دوبارہ دھوکہ نہیں دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوام کی امیدوں پر پورا اترے گی اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے واضح اور مؤثر روڈ میپ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دیانت دار اور بے داغ قیادت ہی پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے اور اداروں کی اصلاح کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments