ڈپٹی کمشنر کی واسا کو ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت
ڈپٹی کمشنر کی واسا کو ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت تمام منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے :محمد نعمان صدیق
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واسا فیصل آباد کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے ضروریات کے مطابق فنڈنگ کا انتظام یقینی بنایا جائے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے ڈپٹی کمشنر کو وزیراعلیٰ پیکیج، پنجاب ڈویلپمنٹ پیکیج، پونڈنگ پوائنٹس، فارن فنڈڈ منصوبوں اور دیگر جاری ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ایم ڈی واسا کے ہمراہ دائود چوک کی مین فورس لائن، جھنگ روڈ ٹرنک سیور، اچکیرہ مین لائن، کریسٹ گراؤنڈ کے زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینک اور منڈی موڑ پر قائم مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے ، متعلقہ کنٹریکٹرز کام کی رفتار مزید تیز کریں اور تمام منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے منصوبوں کی مسلسل اور مؤثر مانیٹرنگ پر بھی زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے اچکیرہ مین لائن، دائود چوک مین فورس لائن اور جھنگ روڈ ٹرنک سیور لائن کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر تمام پونڈنگ پوائنٹس پر پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں اور بارشی پانی کی فوری نکاسی کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشنز فرحان اکرم، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ شعیب ضیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید شاہ اور واسا کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments