مرکزی جلوس امام بارگاہ بلاک 14 سے برآمد،19 پر ختم

مرکزی جلوس امام بارگاہ بلاک 14 سے برآمد،19 پر ختم

عزاداروں کی بڑی تعداد کا ماتم اور نوحہ خوانی امام حسین ؓاور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں سرگودھا کا مرکزی جلوس امام بارگاہ بلاک نمبر 14 سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں رہا۔ جلوس گول چوک، کچہری بازار اور دیگر روایتی راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ دارالعلوم محمدیہ، بلاک نمبر19 پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے دوران عزاداروں کی بڑی تعداد نے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ مختلف مقامات پر سبیلوں اور نیاز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ذاکرین نے حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی، فلسفہ کربلا اور حق و صداقت کے لیے دی گئی لازوال قربانی پر تفصیلی روشنی ڈالی،چہلم کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔

ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر جلوس اور مجالس کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کی گئی، جبکہ ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار، ایلیٹ فورس، ریزرو پولیس، سرکل افسران اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رہے ۔ جلوس کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور سخت چیکنگ کا عمل جاری رکھا گیا،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے شرکاء کے لیے ٹریفک کی روانی، طبی امداد، صفائی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے جلوس کے اختتام تک مکمل طور پر متحرک رہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...