روز نامہ دنیا کی خبر پر ایکشن ،سڑکوں کی بحال کیلئے اتھارٹی قائم
روز نامہ دنیا کی خبر پر ایکشن ،سڑکوں کی بحال کیلئے اتھارٹی قائم شہر کی خراب سڑکوں کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں، ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر انتظامیہ کا بڑا ایکشن ،ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے اندرون شہر خراب اور خستہ حال سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کے لیے واسا، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور ہائی ویز پر مشتمل جوائنٹ اتھارٹی قائم کر دی،ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ چاروں محکمے اپنے اپنے دستیاب فنڈز اور وسائل کو مشترکہ طور پر بروئے کار لاتے ہوئے شہر کی خراب سڑکوں کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں،اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، ایکسین ہائی ویز گلفام اعوان، سی او ضلع کونسل اسد ہریا سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جوائنٹ اتھارٹی شہر کی تمام اہم سڑکوں کا جائزہ لے کر خراب حالت کی سڑکوں کی ترجیحی فہرست مرتب کرے اور دستیاب فنڈز کو یکجا کرتے ہوئے ان کی تعمیر و مرمت کا کام فوری طور پر شروع کرے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سڑکوں کی بحالی کے ساتھ شہری سہولیات اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے ضرورت کے مطابق کیٹ آئیز اور لائٹس بھی نصب کی جائیں،اندرون شہر زیادہ خراب اور شہریوں کی آمدورفت کے لیے اہم سڑکوں کو پہلے مرحلے میں تعمیر و مرمت کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چاروں محکموں کے دستیاب فنڈز کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے شہر کی سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جوائنٹ اتھارٹی کے تحت قابل عمل پلان مرتب کرکے ترجیحی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا عمل بلا تاخیر شروع کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments