موبائل وٹرنری سے 34 لاکھ مویشیوں کا علاج ہو گا، عاصم میکن
موبائل وٹرنری سے 34 لاکھ مویشیوں کا علاج ہو گا، عاصم میکن مویشیوں کے علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، میڈیا سے گفتگو
شاہپور صدر (نامہ نگا)موبائل وٹرنری فلیٹ کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کے تحت موبائل وٹرنری ڈسپنسریوں، موبائل لیبارٹریوں اور دیگر جدید سہولیات کے ذریعے مویشی پال حضرات کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے فارمرز کو مویشیوں کے علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔یہ بات پارلیمانی سیکرٹری لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب سردار محمد عاصم شیر میکن نے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے میں لائیوسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مویشی پال کسانوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں ،سردار محمد عاصم شیر میکن نے بتایا کہ سی ایم انٹرن شپ پروگرام کے تحت ایک ہزار انٹرن ویٹرنری ڈاکٹرز اور وٹرنری اسسٹنٹس نے پنجاب بھر میں تقریباً 34 لاکھ مویشیوں کا علاج کیا۔ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف مویشیوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں بلکہ فارمرز کو جانوروں کی بیماریوں سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور بہتر نگہداشت کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی ،انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں مزید 30 موبائل وٹرنری ڈسپنسریاں اور 17 موبائل وٹرنری لیبارٹریاں بھی فعال کر دی گئی ہیں۔
موبائل وٹرنری یونٹس میں علاج معالجے کے ساتھ ساتھ جدید تشخیصی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی، جن میں ایکس رے ، الٹراساؤنڈ اور لیبارٹری ٹیسٹ شامل ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ موبائل وٹرنری لیبارٹریوں میں موقع پر ہی 40 مختلف طبی ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود ہوگی، جس سے مویشیوں میں بیماری کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے گی اور فارمرز کو فوری علاج شروع کرنے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments