کھیلوں کے فروغ کا منصوبہ کاغذی کارروائیوں تک محدود
نوجوانوں کیلئے قائم سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز 2سال گزرنے کے باوجود فعال نہ ہو سکیں ، 100 گراؤنڈز تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )سرگودھا میں کھیلوں کے فروغ کا منصوبہ کاغذی کارروائیوں میں الجھ کر رہ گیا، نوجوانوں کے لیے قائم کی جانے والی سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز دو سال گزرنے کے باوجود فعال نہ ہو سکیں جبکہ ضلع میں 100 کھیلوں کے میدان بنانے کا منصوبہ بھی عملی شکل اختیار نہ کر سکا۔ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے ، کھیلوں کی سہولیات نچلی سطح تک پہنچانے اور مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لیے ڈسٹرکٹ اور تحصیل سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ دو سال کے دوران یہ کونسلز فعال نہ ہو سکیں، جس کے باعث کھیلوں کے فروغ سے متعلق سرگرمیاں اور منصوبہ بندی متاثر ہو رہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ضلع سرگودھا میں کھیلوں کے لیے 100 گراؤنڈز تعمیر کرنے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے ، تاہم یہ منصوبہ ابتدائی مراحل سے آگے نہ بڑھ سکا اور مسلسل التوا کا شکار ہے ۔
کھیلوں کے میدانوں کی کمی کے باعث نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے مناسب مواقع میسر نہیں آ رہے ، جبکہ شہری اور دیہی علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں کے لیے موزوں اراضی کی دستیابی سمیت دیگر انتظامی امور بھی ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے لیے چیلنج بنے ہوئے ہیں۔کھیلوں سے وابستہ افراد اور نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے پر زور دیا جاتا ہے ، لیکن دوسری جانب کھیلوں کے میدان، بنیادی سہولیات اور مؤثر ادارہ جاتی نظام موجود نہ ہونے کے باعث عملی صورتحال اس کے برعکس ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ میدانوں کی کمی کے باعث نوجوانوں کی بڑی تعداد کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں سے دور ہو رہی ہے ، جو مستقبل کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments