ایف ڈی اے میں ریونیو وصولیوں کی نگرانی مزید سخت کردی گئی
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس کی زیرصدارت اجلاس ،متعلقہ افسروں کی شرکت
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری کی ہدایت پر ادارے میں مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید شفاف و مؤثر بنانے کے لیے سخت نگرانی جاری ہے ۔ اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبہ فنانس، آئی ٹی اور ریکوری سے متعلق افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایف ڈی اے کی آمدن و اخراجات، مختلف مدات میں ریونیو وصولیوں، واجبات کی ریکوری اور مالی معاملات سے متعلق ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت مختلف واجبات کی وصولیوں، ادائیگیوں اور اندراجات کے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام مالی امور میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے اور متعلقہ ریکارڈ ہر لحاظ سے تازہ رکھا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مالی معاملات میں کسی قسم کی غفلت، غیر ضروری تاخیر یا ریکارڈ میں ابہام قابل قبول نہیں ہوگا۔قیصر عباس رند نے کہا کہ ریونیو وصولیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے تاکہ مالی معاملات کی مؤثر نگرانی، بروقت ریکارڈنگ اور واجبات کی وصولی کے عمل میں بہتری لائی جاسکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریکوری کے اہداف کے حصول کے لیے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے اور بقایا جات کی وصولی کا عمل مزید تیز کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments