صاحبِ ثروت افراد ضرورت مندوں، بیواؤں، یتیموں کی مدد کریں :قاری حافظ حق نواز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) معروف عالم دین قاری حافظ حق نواز نے جامع مسجد ابوبکر اہلِ حدیث 91 شمالی میں درس قرآن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۔۔۔۔
اﷲ تعالیٰ ہی اپنے بندوں کو مال و دولت عطا فرماتا ہے ، کسی کو کم اور کسی کو زیادہ، اس لیے صاحبِ حیثیت افراد کو چاہیے کہ وہ اﷲ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے مستحق افراد پر خرچ کریں، انفاق فی سبیل اﷲ کو اپنا شعار بنائیں اور بخل و کنجوسی سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید میں اﷲ تعالیٰ نے اپنی راہ میں خرچ کرنے والوں کے اجر کو سات سو گنا تک بڑھنے والی مثال سے واضح فرمایا ہے ، جبکہ اﷲ تعالیٰ اپنے فضل سے جس کے لیے چاہے اجر میں مزید اضافہ بھی فرماتا ہے ۔ قاری حافظ حق نواز نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیواؤں اور مسکینوں کی کفالت کرنے والا شخص اجر و ثواب کے اعتبار سے اﷲ کی راہ میں جہاد کرنے والے یا دن کو روزہ رکھنے اور رات کو عبادت میں گزارنے والے کی مانند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے صاحبِ ثروت افراد کو چاہیے کہ وہ ضرورت مندوں، بیواؤں، یتیموں اور مسکینوں کی مدد کریں تاکہ ان کی مشکلات کم ہوں اور معاشرے میں ہمدردی، بھائی چارے اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ ملے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments