بھیرہ:گردوغبار سے شہری پریشان، پانی کے چھڑکاؤ کا مطالبہ
بھیرہ:گردوغبار سے شہری پریشان، پانی کے چھڑکاؤ کا مطالبہشہریوں کی بڑی تعداد سانس، گلے اور معدے کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہی
بھیرہ (نامہ نگار)سرکلر روڈ پر پانی کے چھڑکاؤ کا انتظام نہ ہونے کے باعث بھاری ٹریفک کی آمدورفت سے اٹھنے والے گردوغبار نے سڑک کے دونوں اطراف آباد شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ گردوغبار گھروں میں داخل ہونے سے اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جبکہ مقامی افراد کے مطابق شہریوں کی بڑی تعداد سانس، گلے اور معدے کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہی ہے ۔سرکلر روڈ پر دن رات ڈمپروں اور دیگر بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث گردوغبار کے بادل اٹھتے رہتے ہیں۔ اس صورتِ حال سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کو مشکلات پیش آتی ہیں بلکہ سڑک کے اطراف واقع گھروں میں بھی مٹی جمع ہو رہی ہے ، جس سے شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں محمد اعجاز، ممتاز احمد، محمد شریف اور اختر علی نے کہا ہے کہ سرکلر روڈ پر گردوغبار کی بڑھتی ہوئی شدت اہلِ علاقہ کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے ۔ اگر اس مسئلے پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو سانس کی بیماریوں سمیت دیگر طبی مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکلر روڈ پر باقاعدگی سے پانی کے چھڑکاؤ کو یقینی بنانے اور گردوغبار پر قابو پانے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی جائے ، تاکہ اہلِ علاقہ کو اس اذیت ناک صورتِ حال سے نجات مل سکے اور شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments