سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کا نظام مفلوج

سرکاری سکولوں کی مانیٹرنگ کا نظام مفلوج

کارکردگی جانچنے کیلئے عملی معائنے کی بجائے متعلقہ اداروں کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار کیا جا رہا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرکاری سکولوں کی نگرانی کا نظام مفلوج ہونے سے تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے اربوں روپے کے منصوبے اور حکومتی دعوے بے اثر ہونے لگے ۔ سرگودھا سمیت پنجاب بھر میں سکول امپروومنٹ فریم ورک کے تحت مانیٹرنگ کا عملی نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا، سکولوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے عملی معائنے کی بجائے متعلقہ اداروں کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار کیا جا رہا ہے ، جبکہ فزیکل انسپکشن نہ ہونے سے چیک اینڈ بیلنس کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور اساتذہ و طلبہ کی کارکردگی جانچنے کے لیے سکول امپروومنٹ فریم ورک متعارف کروایا تھا، جس کے تحت طلبہ و اساتذہ کی حاضری، ٹیچنگ پریکٹس سکور اور سکول امپروومنٹ پلان سمیت چھ اہم انڈیکیٹرز کی جانچ کے اختیارات مانیٹرنگ ایویلیوایشن اسسٹنٹس (MEAs) سے لے کر متعلقہ علاقوں کے اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو منتقل کیے گئے تھے ، جبکہ نان ٹیچنگ سٹاف کی دستیابی اور سکولوں کے سکیورٹی انتظامات سمیت چار دیگر انڈیکیٹرز کی نگرانی مانیٹرنگ شعبے کے سپرد تھی۔ تاہم سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے عمل کے دوران مانیٹرنگ کا پورا نظام متاثر ہو کر رہ گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اہم انڈیکیٹرز کی جانچ پڑتال کے لیے عملی معائنے کی بجائے سکولوں کی فراہم کردہ معلومات پر انحصار کیا جا رہا ہے ، جبکہ فزیکل چیکنگ کا عمل تقریباً ختم ہو چکا ہے ۔ اس صورتحال میں تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی تعلیمی پیش رفت اور بنیادی سہولیات کی حقیقی صورتحال کا درست اندازہ لگانا مشکل ہو گیا ہے ۔ماہرین تعلیم کے مطابق مانیٹرنگ اور احتساب کا مؤثر نظام کسی بھی تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کی بنیاد ہوتا ہے ، لیکن جب سکولوں کی کارکردگی جانچنے والا نظام ہی غیر فعال ہو جائے تو تعلیمی بہتری کے دعوے محض کاغذی کارروائی بن کر رہ جاتے ہیں۔ ایک طرف سرکاری سکولوں کی بہتری پر خطیر سرکاری وسائل خرچ کیے جا رہے ہیں تو دوسری طرف آزادانہ جانچ پڑتال نہ ہونے سے حکومتی چیک اینڈ بیلنس پالیسی کی افادیت متاثر ہو رہی ہے ۔ تعلیمی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ سکول امپروومنٹ فریم ورک کے تحت مانیٹرنگ کا نظام فوری بحال، فیلڈ ٹیموں کو متحرک اور سکولوں کی کارکردگی، حاضری، تدریسی معیار اور بنیادی سہولیات کی باقاعدہ فزیکل انسپکشن یقینی بنائی جائے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے حقیقی اقدامات ممکن ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...