محکمہ خوراک کی مبینہ غفلت ،آٹے کی قلت برقرار
غریب عوام آٹے کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور
بھیرہ(نامہ نگار)محکمہ خوراک کی مبینہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث شہر میں آٹے کی شدید قلت برقرار ہے اور غریب عوام آٹے کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ محمد الیاس، محمد مدثر، شوکت اقبال، قدیر احمد اور فیصل رضا نے کہا ہے کہ شہر میں اس وقت 15 کلو آٹے کا تھیلا 2400 سے 2800 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے ، جس کے باعث عام اور غریب طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آٹے کی دستیابی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے تو دوسری طرف محکمہ خوراک کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو سب اچھا کی رپورٹ پیش کی جا رہی ہے ، جو زمینی حقائق کے برعکس ہے انہوں نے کہا ہے کہ آٹا کی عدم دستیابی نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے ۔ متعلقہ حکام کو چاہیے کہ وہ دفاتر میں بیٹھ کر رپورٹس مرتب کرنے کے بجائے عملی طور پر مارکیٹوں کا دورہ کریں اور آٹے کی قلت و قیمتوں کا جائزہ لیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر سرگودھا اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا کہ بھیرہ میں آٹے کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے ، سرکاری نرخوں پر آٹے کی دستیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب عوام کو اس بنیادی ضرورت کے حصول میں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments