میوزک بینڈمیوزکستان نے گیت ’’بس ایک کش‘‘تیارکرلیا
ہمامیرڈاکٹر کے روپ میں نظر آئینگی،طلعت حسین کا پیغام بھی گیت کی زینت
کراچی (سٹاف رپورٹر) تمباکو نوشی صحت کیلئے مضر ہے یہ پیغام یوں تو اکثر نشر ہوتا ہے اور ہر سگریٹ کی ڈبی پر بھی لکھا ہوتا ہے مگر جو لوگ سگریٹ پیتے ہیں وہ اس کے نقصانات سے واقف ہونے کے باوجود اس لت سے چھٹکارا حاصل نہیں کر پاتے ۔ ان خیالات کا اظہار کراچی کے نوجوان گلوکاروں شاہ زیب ، ارمان اور فرحان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا اسی بات کو دیکھتے ہوئے ہم نے میوزک بینڈ ’’ میوزکستان‘‘ کے تحت اپنا نیا گیت ’’بس ایک کش ‘‘ کے عنوان سے تیار کیا ہے اس گیت کو وحید نور نے لکھا جبکہ ڈائریکٹر حسن شیخ ہیں ۔’’بس ایک کش ‘‘ میں سگریٹ نوشی ترک کرنے کا پیغام نہایت لطیف انداز سے دیا گیا ہے ۔ مذکورہ ویڈیو گیت میں معروف اداکارہ ، کمپیئر اور رائٹر ڈاکٹر ہما میر نے ڈاکٹر کا کردار ادا کیا ہے جس میں وہ نصیحت کرتی نظر آرہی ہیں جبکہ لیجنڈری طلعت حسین کا سگریٹ نوشی ترک کرنے کے حوالے سے خصوصی پیغام بھی اس گیت کی زینت ہے ۔واضح رہے کہ گیت ’’ بس ایک کش ‘‘ میوزکستان کی پہلی پیشکش ہے اسکے گلوکار شاہ زیب آرٹس کونسل میں موسیقی کے استاد جبکہ ارمان رحیم آرٹس کونسل میوزک اکیڈمی کے کوآرڈینیٹر ہیں۔