شیشے ، اس سے منسلک اشیا،ذائقے دار تمباکو کی درآمد پرپابندی
وزارت تجارت نے درآمدی پالیسی میں ترمیم کیلئے ریگولیٹری آرڈر جاری کردیا
اسلام آباد،لاہور(این این آئی)اعلیٰ عدلیہ کی مداخلت کے بعد وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ہر قسم کے شیشے ، اس سے منسلک اشیا ء اور ذائقے دار تمباکو کی درآمد پر پابندی عائد کردی،وزارت تجارت نے امپورٹ پالیسی میں ترمیم کے لیے قانونی ریگولیٹری آرڈر بھی جاری کردیا۔صحت کے ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ پابندی سے تقریباً 37 لاکھ نوجوان شیشے کی لت سے چھٹکارا حاصل کرسکیں گے ۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز میں ٹوبیکو کنٹرول سیل کے پراجیکٹ منیجر محمد جاوید نے بتایا کہ گلوبل ایڈلٹ ٹوبیکو سروے 2015 کے مطابق پاکستان میں 37 لاکھ نوجوان شیشہ پینے کے عادی ہیں۔ پاکستان میں ہر سال شیشہ سے ایک لاکھ 8 ہزار 800 افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔