بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر بھاگنے والے نہیں:بیرسٹرسیف

 بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر بھاگنے والے نہیں:بیرسٹرسیف

پشاور،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پلیٹلیٹس کا بہانہ بنا کر بھاگنے والے نہیں۔

 بیرسٹر سیف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی گئی، فارم 47 کی حکومت کو اپنا آخری انجام نظر آرہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی اپنی قوم کیلئے قید و بند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں، مریم نوازشریف اوچھے ہتھکنڈوں سے بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں،عمران خان مریم نواز اور ان کے پاپا نواز شریف کے اعصاب پر سوار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گورنر فیصل کریم کنڈی اپنی حیثیت کے مطابق کام کریں، وہ ہماری اجازت کے بغیر گورنر ہاؤ س سے بھی نہیں نکل سکتے ، وہ ابھی تک اپنے آپ کو پیپلزپارٹی کا سیکرٹری اطلاعات سمجھتے ہیں، ان کو یقین نہیں آرہا کہ وہ گورنر ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کابینہ اجلاس میں اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے پر بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دی تھی۔وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم نے توشہ خانہ کے چوروں اور 9 مئی کے فسادیوں کو مسترد کر دیا،بانی پی ٹی آئی اور ان کے کارندے اشتعال انگیزی پھیلا رہے ہیں، پنجاب حکومت اب مزید اس پروپیگنڈے کو پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی،بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ملنے والی سہولتوں پر دیگر قیدیوں کے اعتراضات آرہے ہیں،وہ قوم کی نہیں بلکہ اپنی چوریاں چھپانے کی جنگ لڑ ر ہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں