مریم نواز کا ایک لاکھ سستے گھر بنانے کا اعلان

مریم نواز کا ایک لاکھ سستے گھر بنانے کا اعلان

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ،دنیانیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں ایک لاکھ سستے گھر بنانے کا اعلان کردیا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہونے پر مریم نوازشریف نے سخت برہمی کا اظہار کیا اورچھٹی والے دن اجلاس بلالیا۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں ایک لاکھ سستے گھر بنانے کا اعلان کیاہے ،جس کے بعد ضلع حکومتوں اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی(پھاٹا)نے اراضی کی نشاندہی کیلئے کام شروع کر دیا ہے ، پھاٹا کے زیر انتظام 172 ہاؤسنگ سکیموں میں لو کاسٹ ہاؤسنگ کے تحت گھر بنائے جائیں گے ،گھروں کی تعمیر کیلئے ابتدائی طور پر دس ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے مالی سال 2024-25 میں پانچ ارب روپے کی کثیر رقم مختص کر دی ہے ،یہ رقم وزیر اعلی ٰپنجاب انقلابی پروگرام کی مد میں مختص کی گئی ۔ایک لاکھ سستے گھروں کیلئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی اور آشیانہ ہاؤسنگ کی اراضی استعمال میں لانے اورپنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی ایل ڈی سی )کی چھ ہزار کنال سے زائد اراضی پر گھر بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے ۔

وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز چھٹی والے دن اجلاس طلب کیا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی ریلیف عوام تک پہنچانے کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے ۔مریم نواز نے پٹرول کی قیمت میں 35 روپے کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے وزارت ٹرانسپورٹ اور پولیس کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں فوری کمی کے لئے آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلٰی پنجاب نے شکایات اور معائنہ کمیشن کوبھی فوری اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول میں کمی کا بڑا ریلیف کرایوں میں کمی کی صورت عوام کو پہنچایا جائے ، روٹی اور کرایوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے ، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔اجلا س کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عید الاضحی پر آلائشوں کی بروقت صفائی، مویشی منڈیوں میں دھوپ سے بچاؤ کے لئے شیڈز کی فراہمی ،مویشی منڈیوں میں ڈاکٹرز کی فراہمی اور پانی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی دستیابی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی عید پر صفائی کا معیار وہی ہونا چاہیے جو وزیراعلیٰ شہبازشریف کے دور میں تھا۔

انہوں نے تعطیلات کے دوران نہروں پر عوام کی جان کی حفاظت کیلئے لائف گارڈز کی تعیناتی، شہروں میں ٹریفک کا مؤثر پلان بنانے اور عوام کو ٹریفک جام سے بچانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ روز ٹھوکر نیاز بیگ پر شدید ٹریفک جام کا بھی سخت نوٹس اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔انہوں نے صوبہ بھر میں امن وامان یقینی بنانے کے لئے بھی سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعطیلات کے دوران بھی تمام صورتحال کی ذاتی طورپر نگرانی کروں گی۔قبل ازیں بار کونسلز کی اپیکس باڈیز کے ارکان نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی ،مریم نواز نے وکلا کی فلاح و بہبود کیلئے گرانٹ ایک ارب روپے تک بڑھانے اور خاتون وکلا کے لئے بار کونسل میں مخصوص ہال اور ڈے کیئر سنٹر قائم کرنے کا اعلان کردیا۔مریم نواز نے پنجاب بار کونسل کے دورے کی دعوت قبول کرلی اور بہاولپور و ملتان بار کے صدور کی طرف سے دورے کی دعوت پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے پنجاب بار کونسل کو پانچ کروڑ ، بہاولپور اور ملتان ہائیکورٹ بار کے لئے ایک ایک کروڑ گرانٹ کے چیک دئیے ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی کے لئے وکلاء برادری کی جدو جہد قابل تحسین ہے ،قانون کی حکمرانی اور ہر فرد کی انصاف تک مساوی رسائی یقینی بنانے کیلئے بھرپور معاونت کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں