بجلی بلز پر بہت تکلیف ،200یونٹ والے صارفین کو سولر دینگے:مریم نواز

بجلی بلز پر بہت تکلیف ،200یونٹ والے صارفین کو سولر دینگے:مریم  نواز

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ، اپنے نامہ نگار سے، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو ریلیف دینے سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے 200 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو فری سولر سسٹم دینگے ۔

 اپنے بیان میں مریم نواز نے منصوبوں سے پیسے منتقل کر کے عوام کو ریلیف دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا بجلی کے بڑھتے ہوئے بلز پر بہت تکلیف ہے ، بل دیکھ کر غریبوں کی پریشانیوں سے آگاہ ہوں، غریبوں کے ساتھ ہوں اور ہمیشہ ان کے حق کے لئے کھڑی رہوں گی۔حکومت پنجاب کا کہنا ہے 200 یونٹ سے 500 یونٹس والے صارفین کو سولر کے لئے بغیر سود قرضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، صوبائی حکومت 200 سے 500 یونٹس کے صارفین کو سولر لگانے کے لیے 75 فیصد تک رقم ادا کرے گی۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی غریبوں کو ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی لسٹ طلب کرلی ،ہر ہاؤسنگ سکیم کا جائزہ لے کر ریگولر کرنے یا نہ کرنے فیصلہ کیا جائیگا ۔ وزیر اعلیٰ ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹرز گئیں ۔ وہ ایل ڈی اے ہیڈ کوارٹر زکا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بن گئیں ۔وزیراعلیٰ کی صدارت میں اجلاس ہوا،جس میں پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔

شہر کی مختلف اہم سڑکوں کو کمرشلائز کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ ایم ایم عالم روڈ کی ری ماڈلنگ اور بیوٹیفکیشن کی منظوری دی گئی۔ لبرٹی،مین مارکیٹ، منی مارکیٹ، حالی روڈ کے علاقے میں ٹرام چلائی جائے گی۔ گلبرگ اور مضافاتی علاقوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کا فیصلہ کیاگیا۔ یکساں روڈ اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی ۔کریم بلاک تا موٹر وے سگنل فری کوریڈور پلان کی منظوری بھی دی گئی۔کریم بلاک تا موٹر وے چھ رویہ روڈ پر دو انڈر پاس بنیں گے ۔ لاہور کے مختلف روڈ زکی کمرشلائزیشن کی منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے مینار پاکستان اور چائنا سکیم کے سپورٹس کمپلیکس کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ایل ڈی اے کے لئے 46 ارب روپے ریونیو جنریشن کا ہدف مقرر کیاگیا۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے محکمے کی ورکنگ پراجیکٹس اور کارکردگی کے بارے بریفنگ دی ۔مریم نواز نے ایل ڈی اے حکام کو ریکارڈ کی سفٹنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا ایل ڈی اے سٹی کی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے گلوبل و یلیج کا بھی دورہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں