وزیر داخلہ کا رات گئے ڈی چوک کا دورہ، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے ڈی چوک اسلام آباد کا دورہ کیا اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ پاک آرمی کے جوان بھی موجود تھے، وزیرداخلہ نے ڈیوٹی پر معمور پاک فوج اور پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔
وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جوانوں کا مورال بلند ہے، آئی جی اور جوان بھی جاگ رہے ہیں، اس وقت سب سے اہم چیز ایس ای او کانفرنس ہے، ہمارے ہاں مختلف بین الاقوامی وفود آرہے ہیں، میرا خیال تھا یہ لوگ واپس چلے جائیں گے۔
محسن نقوی نے مزید کہاکہ اب مجھے ان کی نیت بالکل واضح نظر آرہی ہے، ان کا مقصد بڑے ایونٹ کو سبوتاژ کرنا ہے، اس وقت پولیس، ایف سی، رینجرز اور آرمی سب موجود ہیں، وزیراعلیٰ کے پی جب ہماری حدود میں پہنچیں گے تب دیکھیں گے۔
محسن نقوی نے اس سے قبل کہا تھا کہ کسی کو دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔