بانی پی ٹی آئی رہائی تحریک میں پہلی گولی میں کھاؤں گا:گنڈاپور

بانی پی ٹی آئی رہائی تحریک میں پہلی گولی میں کھاؤں گا:گنڈاپور

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک میں پہلی گولی میں کھاؤں گا،چوروں اورڈاکوؤں کونکال کرگھسیٹیں گے ۔

مانسہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ سیاسی جنگ ہے ادارے ہمارے اور ہمارا مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے بیچ نہ آئیں۔عمران خان ملک و قوم کی خاطر پر امن ہیں، جس دن انہوں نے آواز دی تو ہم بھر پور انداز میں نکلیں گے اور بتائیں گے کہ عوامی طاقت کیا ہوتی ہے ۔آئین توڑنے کی سزا موت ہے اور ہم آئین توڑنے والوں کو آئین کے مطابق سزا دیں گے ۔جس دن ہمیں یقین ہوا کہ انصاف نہیں ملنے والا اور ہم نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا تو دیکھتا ہوں کون ہمارے راستے میں آتا ہے ۔عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دیا جائے ، چیف جسٹس اگر ہمیں انصاف نہیں دے سکتے تو ہمارے کیسز سے خود کو الگ کرلیں۔ یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد نے حاصل کیا، یہ ہم سب کا ملک ہے ۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کے ساتھ جو ظلم و بربریت ہورہی ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی،یہ سب اس لئے ہو رہا ہے کہ عمران خان نے غلامی قبول نہیں کی، ہمیشہ ملکی خودمختاری اور اسلام کی سربلندی کی بات کی۔ ہم غلام نہیں رہنا چاہتے ، ہمیں آزادی چاہیے اگر نہ ملی تو چھین کر لیں گے ۔ ہم عمران خان کی بے گناہ قید کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے ۔

سنا ہے کہ پرویز خٹک کو عمران خان کے خلاف گواہی کیلئے بلایا جارہا ہے لیکن میں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر احسان فراموش پرویز خٹک نے عمران خان کے خلاف جھوٹی گواہی دی تو اس صوبے میں اس کیلئے رہنے کی جگہ نہیں ہوگی۔قسم کھاتا ہوں کہ عمران خان کی رہائی کی اس تحریک میں پہلی گولی میں کھاؤں گا، ہمارے بزرگوں نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی، ہم ان لٹیروں سے آزادی حاصل کریں گے ۔ ان کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت اور انکا باپ چور ، چاچا چور اور شوہر بھی چور ہیں ۔مریم نواز نے پنجاب میں لوگوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہ کیا تو کے پی پنجاب جاکر لوگوں کا ساتھ دے گا۔پی ڈی ایم والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر عمران خان نے سسٹم اور اداروں پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا تو پھر ہم خود انصاف بھی لیں گے اور اپنا حق بھی لے کر دکھائیں گے ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ ہم سب بانی پی ٹی آئی کے نظریہ کے پیچھے ہیں، عمران خان چاہتے ہیں پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہو اسی لیے وہ جیل میں ہیں، جلسے سے محمود اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا وطن ہے علی امین گنڈاپور کو پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر اختیار ملا ہے ، پختونخوا میں لوگوں کے درمیان نفرتیں پھیلائی گئیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا ہے ، مانسہرہ کی عوام اس بجلی کی قیمت میں اضافے اور بجٹ میں لگائے ٹیکسز کو مسترد کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں