پی ٹی آئی نے اسلام آباد جلسہ منسوخ کردیا،عمرایوب سیکرٹری جنرل برقرار

پی ٹی آئی نے اسلام آباد جلسہ منسوخ کردیا،عمرایوب سیکرٹری جنرل برقرار

اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، اپنے نامہ نگارسے )پی ٹی آئینے اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ہونے والا جلسہ سیاسی کمیٹی اجلاس کے بعد منسوخ کردیا اورجلسہ یوم عاشور کے بعد کرنے کا عندیہ دیاہے۔

جبکہ جلسے کا این او سی منسوخ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے این او سی معطل کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کردی۔بانی پی ٹی آئی نے عمرایوب کا استعفیٰ نامنظورکرتے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر برقراررکھنے کی ہدایت کردی، جس کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیااورکہاکہ بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر عمر ایوب کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر،عمرایوب ،اسدقیصر ،علی محمد اور دیگر رہنماؤں نے اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کے دوران ترنول جلسہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ بیرسٹر گوہر کاکہناتھاکہ ترنول جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہونا تھا، ہم نے اپنی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا،ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈااسلام آباد کا جلسہ تھاجسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاگیا، اب عدالت سے درخواست کرینگے کہ یوم عاشور کے بعد ہمیں جلسے کی اجازت دیں۔ عدالتی حکم کے بعد ڈی سی نے جلسے کا نوٹیفکیشن دیاجو ہائیکورٹ کی ہدایت پرہوا،کمشنرکے پاس اختیار نہیں کہ اسے معطل کرے ، جس لیٹر کو بنیاد بنا کر نوٹیفکیشن معطل کیا گیا اس لیٹر کو ہائیکورٹ میں پیش کرتے ، ہم ہائیکورٹ اسلئے گئے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں گزشتہ روز جج موجود نہیں تھے ، ہم نے یہی سوچا تھا کہ اجازت لے کر گزشتہ روز ہی جلسہ کرینگے ۔ججز نہ ہونے سے درخواست پر سماعت نہ ہو سکی،اب ہم نے اپنی سیاسی کمیٹی کی میٹنگ کرنی ہے اور ہم اس کے بعد اپنا لائحہ عمل دینگے ۔حکومت چند دنوں کی مہمان ہے جس کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں،عدالتی احکامات کے باوجود رات گئے جلسے سے سامان اٹھایا گیا، ہم پوچھیں گے ویگو ڈالے کا بجٹ کتنا ہے اور سکولوں کا کتنا ہے ،اظہر مشوانی کے دو بھائیوں کو اٹھایا گیا،رضوان اورشہباز گل کے بھائی کو اٹھانے کیلئے ویگو ڈالے کا استعمال کیا گیا ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا بندوق کے زور پر ملک نہیں چلایا جاسکتا،ہم ملک کو قائداعظمؒ کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں، ٹیکس والے بجٹ کو کسی صورت نہیں مانتے ، ہم ڈٹے ہوئے ہیں،ڈریں گے نہ پیچھے ہٹیں گے ۔علی محمد خان نے کہا جنوبی پنجاب اور کشمیر سے لوگ جلسے کیلئے آرہے تھے ، جلسہ گاہ میں بانی چیئرمین کا پیغام دینا تھا۔دوسری طرف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائردرخواست میں موقف اپنایا کہ عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہین عدالت ہے ۔ رجسٹرار آفس نے پی ٹی آئی درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا تاہم درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر نہ ہوسکی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں