پاک چین تعلقات غیر معمولی،باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی ہیں:آرمی چیف

پاک چین تعلقات غیر معمولی،باہمی اعتماد اور حمایت پر مبنی ہیں:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہاپاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں ، انہوں نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ سٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا مقابلہ کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ایچ کیو میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے )کے قیام کی 97ویں سالگرہ کی تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی، پاکستان میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ،میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے افسروں نے تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے چینی مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چینی دفاع، سلامتی اور ملکی ترقی میں پی ایل اے کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات غیر معمولی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ باہمی اعتماد اور ایک دوسرے کی حمایت میں غیر متزلزل یقین کے ساتھ سٹریٹجک ماحول کے اتار چڑھاؤ کا مقابلہ کیا ہے ۔

پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں فوجیں دوطرفہ فوجی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان آہنی طور پر مضبوط بھائی چارے کا مظاہرہ کرتی ہیں۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے ، چینی سفیر نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا،چینی سفیر نے کہا پاکستانی فوج ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے آگے رہی ہے اور پاکستان اور خطے کے امن و استحکام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں اور اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی اور دونوں افواج کے درمیان بھائی چارے کو ختم نہیں کر سکتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں