ٹیکس ریفنڈ میں 800ارب روپے کا فراڈ:ایف بی آر منصوبوں میں غیر ضروری تا خیر افسوسناک:شہباز شریف

ٹیکس ریفنڈ میں 800ارب روپے کا فراڈ:ایف بی آر منصوبوں میں غیر ضروری تا خیر افسوسناک:شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملک کے دولت مند اور سرمایہ دار طبقے کے 49 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور غریب طبقے پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے ۔

ان کا کہناتھاکہ اصلاحات کے حوالے سے ایف بی آر کے کئی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر انتہائی افسوناک ہے ،گزشتہ چار مہینوں میں ٹیکس ریفنڈ میں 800 ارب روپے کا فراڈ پکڑا گیا،ٹیکس ریفنڈ کا نظام مزید بہتر بنائیں گے ،ایف بی آر میں اصلاحات سے محصولات میں اضافہ ممکن ہے ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات اور ڈ یجیٹلائز یشن کے حوالے سے 4 گھنٹے طویل اہم جائزہ اجلاس ہوا،بریفنگ میں بتایاگیاکہ ایف بی آر کیڈ یجیٹلائز یشن کا عمل بین الاقوامی شہرت کے حامل کنسلٹنٹ میک کینزی کی زیر نگرانی کیا جا رہا ہے اور ایف بی آر ڈ یجیٹلائز یشن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ مختلف عدالتوں اور ٹریبیونلز میں ٹیکس کے حوالے سے 3.2 کھرب روپے کے 83 ہزار 579 مقدمات زیر التوا ہیں، پچھلے 4 مہینوں کے دوران مختلف عدالتوں کی جانب سے تقریباً 44 ارب روپے کے 63 مقدمات نمٹائے گئے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس دینے کی استطاعت رکھنے والے 49 لاکھ افراد کی نشان دہی کی گئی ہے ۔ یکم اپریل 2024 سے اب تک ایف بی آر تاجر دوست موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ ریٹیلرز رجسٹر ہو چکے ہیں ۔وزیراعظم نے ایف بی آر حکام کو ہدایت کی کہ ان 49 لاکھ افراد میں دولت مند اور سرمایہ دار وں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ،تاجر دوست موبائل فون ایپلی کیشن نظام کو مزید فعال بنانے کیلئے ریٹیلرز کے ساتھ مشاورت جاری رکھی جائے ،اکتوبر 2024 تک ہر ٹیکس دہندہ کیلئے سنگل سیلز ٹیکس سسٹم لاگو کیا جائے ۔

انہوں نے ٹیکس مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے اپیلٹ ٹربیونلز کی تعداد 100 تک بڑھانے اور کسٹمز کے مقدمات کے حوالے سے بھی اپیلٹ ٹربیونلز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹیکس اپیلٹ ٹربیونلز کی کارکردگی جانچنے کے حوالے سے ڈیش بورڈ تیار کیا جائے ۔وزیراعظم نے کہاکہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، سیلز ٹیکس کے حوالے سے ماضی میں کئے گئے غیر قانونی ریفنڈز کی واپسی کیلئے فوری حکمت عملی بنائی جائے اور ایف بی آر کے فراڈ ڈیٹیکشن اینڈ انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل ڈ یجیٹلائز کیا جائے ،جدیدترین ٹیکنالوجی اور بہترین افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں ، کسٹمز کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کیلئے فوری فنڈزفراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کراچی کی چاروں بندر گاہوں، کراچی، ملتان اور پشاور کے ہوائی اڈوں کیساتھ ساتھ گودار بندرگاہ میں بھی اے ای ای ایس نظام کے نفاذ کی ہدایت کی ۔ بعدا زاں ایک بیان میں وزیراعظم نے یومَ عاشور پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر افواجِ پاکستان، انتظامیہ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اورکہاکہ ا للہ کے فضل و کرم سے یومِ عاشور پر ملکی حالات پُر امن رہے ۔ شہبازشریف نے ڈوئچے ویلی اردوکی 60ویں سالگرہ پرمبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت اور سماجی امور پر ڈی ڈبلیو اردو سروس کی غیرجانب دارانہ رپورٹنگ دیگر صحافتی اداروں کیلئے بھی مشعل راہ ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں