پی ٹی آئی پر پابندی داخلی معاملہ، امریکی تحفظات مسترد: دفتر خارجہ

پی ٹی آئی پر پابندی داخلی معاملہ، امریکی تحفظات مسترد: دفتر خارجہ

اسلام آباد (وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے حوالے سے امریکی تحفظات قابل قبول نہیں یہ تحفظات پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ، دوسرے ممالک کو پاکستان کے داخلی معاملے پر تبصروں سے گریز کرنا چا ہئے ۔

 میڈیا بریفنگ میں ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی پاکستان کا داخلی معاملہ ہے ۔ پاکستان اندرونی مسائل خود حل کرسکتا ہے ۔ پاکستان نے بنوں چھاؤنی پر تحریک طالبان پاکستان کے حملے کے بارے میں اپنے شدید تحفظات افغان عبوری حکومت تک پہنچا دئیے ہیں۔ ترجمان کا کہناتھاکہ پاکستان نے افغان حکام کو بتایا کہ افغان حکام دہشتگردوں اور ٹھکانوں سے سے واقف ہیں ۔ پاکستان میں دہشت گردی کے لئے افغان سرزمین کا استعمال قابلِ تشویش ہے ۔ افغان حکومت کے ساتھ صاف بات چیت کی ہے ۔ ہم نے پاکستان کے لئے خطرے کا باعث بننے والے حافظ گل بہادر اور دیگر دہشتگرد گروپوں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ، پاکستان دہشت گردی کے مقابلے اور اپنے عوام کی سلامتی کے لئے پر عزم ہے ۔ ہم نے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ کے خلاف موثر اور فوری کارروائی کریں۔ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ہشت گرد گروپس اور حملہ آوروں کے خلاف انٹیلی جنس شیئر کی ہے ۔

تاہم گزشتہ کئی ماہ سے افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے امیگریشن قوانین واضح ہیں خلاف ورزی کرنے والے کو نکالا جاتا ہے ، روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو ڈی پورٹ کیا جاتا ہے ۔ پاکستان 9 محرم کو امام بارگاہ علی ابنِ ابی طالب مسقط پر حملے کی مذمت کرتا ہے ۔ یہ دہشت گردی کا بہیمانہ واقعہ ہے اور ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس واقعے سے دہشت گردی کے خلاف مل کر مقابلہ کرنے کی اہمیت پتہ چلتی ہے ۔ پاکستان فلسطینی مہاجرین کیمپوں پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتا ہے ۔ خان یونس مہاجر کیمپ حملے میں 19 فلسطینیوں کی شہادت اقوام متحدہ کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ،پاکستان کشمیریوں کے لیے اپنی سیاسی اور اخلاقی مدد جاری رکھے گا ۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میرادوف پاکستان کا دورہ کریں گے دورے میں دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تفصیلی بات چیت ہو گی ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کے حالیہ فیصلوں سے واضح ہوتا ہے کہ عدلیہ اپنا کام موثر انداز میں کررہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں