مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دےسکتے، مریم نواز چکن کی قیمتیں بڑھنے پر برہم

مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دےسکتے، مریم نواز چکن کی قیمتیں بڑھنے پر برہم

لاہور(سٹاف رپورٹر سے،اے پی پی)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے چکن کے نرخ بڑھنے پر خصوصی اجلاس طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں چکن کی مصنوعی مہنگائی پرتشویش کا اظہار کیا اور صو بہ بھر میں چکن اور پولٹری مصنوعات کے نرخ میں مسلسل اضافے پر شدیدبرہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے چکن کی پرائس کا تعین کرنے کے لئے ریگولیٹری میکنزم تشکیل دینے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ریٹ بڑھ گئے ذمہ دار ادارے کہاں ہیں؟،چکن صوبہ بھر میں عوام کے زیادہ استعمال کی چیز ہے ،ریٹ بڑھنا گوارا نہیں۔ انہوں نے کہا پولٹری والے بزنس کریں جائز منافع کمائیں لیکن عوام پر ناجائز بوجھ نہ ڈالیں ۔اپنے عوام کا احساس ہے ،مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دے سکتے ۔ مریم نواز نے کہا کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر کیا عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں؟۔ مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں،تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں۔ چکن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہیں ہونی چاہئیں، نرخ پر نظر رکھی جائے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لیڈی ایچیسن ہسپتال کے اپ گریڈڈ او پی ڈی اور اپ گریڈڈ آئی وارڈ میو ہسپتال کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر مریض او رتیمار داربہت خوش ہوئے ،انہوں نے ننھے بچوں کو پیار کیا اور درازی عمر کی دعائیں دیں ۔ مریم نوازشریف نے ڈاکٹروں اورنرسز کی خواہش پر تصاویر بھی بنوائیں ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ میوہسپتال کے آپتھل ما لوجی وارڈ پہنچ گئیں اوراپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا ۔بریفنگ میں بتایا گیا میو ہسپتال کے 8 فلور پر مشتمل آئی وارڈ کی اپ گریڈیشن کی گئی۔ آپریشن تھیٹر کی تعداد 5سے بڑھا کر 14کر دی گئی ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ترقیاتی پراجیکٹس پربھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ مریم نوازسے چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیوایشن، فیڈ بیک، انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر)بابر علاؤالدین نے بھی ملاقات کی ۔وزیر اعلیٰ نے کھرڑیانوالہ میں تیسری بیٹی کی پیدائش روکنے کے لئے بیوی کے قتل کے واقعہ نوٹس لے لیا۔ انہوں نے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں اب تک کی پیشرفت پر اجلاس طلب کرلیا۔ سی بی ڈی پنجاب وزیراعلیٰ کو تفصیلات سے آگاہ کریگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں