دہشتگردوں کا بندوبست کرینگے، کرکٹ کیلئے میرے پاس جادو کی جھڑی نہیں: محسن نقوی

دہشتگردوں کا بندوبست کرینگے، کرکٹ کیلئے میرے پاس جادو کی جھڑی نہیں: محسن نقوی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کرکٹ کیلئے میرے پاس جادو کی چھڑ ی نہیں ،دہشتگردوں کا پورا بندوبست کرینگے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلوچستان میں دہشتگردوں نے معصوم لوگوں کونشانہ بناکربربریت دکھائی، سفاکیت اور ظلم کی انتہاکی گئی، دہشتگرد اور سہولت کار عبرتناک انجام سے بچ نہیں پائیں گے ، دہشتگردی کی جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ زندگی کے ہرطبقے نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ بلوچستان میں دہشت گردانہ حملوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے ۔بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں، دہشت گردوں کا پورا بندوبست ہوگا،دہشت گردوں کے عزائم کچھ اور تھے ، ہماری فورسزنے ان کے عزائم کو ناکام بنایا ، یہ حملے ایک دم نہیں باقاعدہ پلاننگ کے تحت ہوئے ، حملہ کرنے والا کوئی بھی ہو وہ دہشت گرد ہے ، ہمارے کسی انٹیلی جنس ادارے کی کوئی ناکامی نہیں ، دہشت گردی کا مسئلہ ہے ، دہشت گردی میں تحریک طالبان ملوث ہے ، جوبھی حملوں کوسپورٹ کررہا ہے وہ دہشت گرد ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ٹھیک کہتے ہیں یہ ناراض نہیں دہشت گرد ہیں، اب کوئی صورت نہیں کہ ہم دہشت گردوں کوناراض بلوچ کہیں، جو لوگ ناراض ہیں ان کومنائیں گے لیکن دہشت گردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

بلوچستان میں دہشتگردی واقعات کی تحقیقات کے بعد حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے ،تخریب کاری کے یہ واقعات پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے ،جہاں تک کچے کے علاقے کی بات ہے ہم نے دونوں صوبوں کو آ بورڈ لے لیا ہے ۔پاکستان میں جو دہشت گردی ہو رہی ہے اس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان شامل ہے ، جو گزشتہ روز واقعات ہوئے ہیں اس میں کچھ اور قوتیں بھی شامل ہیں۔ ٹی ٹی پی نے اپنا سارا ہیڈکوارٹر افغانستان میں رکھا ہے ، اس میں بہت سارے لوگ شامل ہیں جن کو ہم نے خود چھوڑا تھا، وہی آج دہشت گردی کر رہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کرکٹ کو ٹھیک کرنے کیلئے لمبے عرصے تک منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ، یہ نہیں کہ کسی کی خواہش پر چیزیں ہوں، ہار جیت ہوتی رہتی ہے ، کرکٹ ٹیم کی حالت خراب ہے ،اس کو ٹھیک کرنے کے لیے چیزیں کرنی پڑیں گی، آئندہ دنوں میں آپ کو چیزیں نظر آئیں گی۔

12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے چیمپیئنز کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا اس میں مینٹورز رکھنے سے فائدہ حاصل ہوگا، اگر ہم سرجری کی بات کرتے تھے تو وہ اس لیے کرتے تھے کہ جہاں ہمارے مسائل ہوں ان کو ٹھیک کیا جائے ۔چیمپیئنز کپ سے ہمارے پاس بہت زبردست ٹیلنٹ آئے گا، 150 کھلاڑیوں کا پول موجود ہوگا اور اسکے بعد جسکی سرجری ہونی ہے جس نے آنا ہے جانا ہے وہ سلیکشن کمیٹی سب چیزیں بڑے تحمل سے کرے گی۔ہمارے پاس بیک اپ پلیئرز آجائیں گے جسکی پرفارمنس ہوگی وہی منتخب ہوگا، بنگلہ دیش سے شکست بہت مایوس کن ہے ، سلیکشن کمیٹی نے 17 کھلاڑی دیئے ھے اب اگر کوچ اور کپتان نہیں کھلاتے تو وہ ان کا فیصلہ ہے ،اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ کراچی میں رٹی کی وجہ سے کنسٹرکشن اور میچ ایک ساتھ نہیں ہوسکتا، کراچی میچ کی تاریخ میرے عہدہ حاصل کرنے سے پہلے طے کی گئی تھی، کنسٹرکشن اس وقت ہمارے لیے سب سے اہم ہے ، اس میں کوئی یو ٹرن نہیں اور کوئی دوسری بات نہیں ، میرے پاس کوئی ایسی جادو کی چھڑی نہیں ہے کہ سب فوری ٹھیک ہوجائے ، تاہم جب جاؤں گا تو کرکٹ کے معاملات ٹھیک کرکے جاؤں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں