جماعت اسلامی کے حکومت کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے ،ریلیاں

جماعت اسلامی کے حکومت کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے ،ریلیاں

لاہور ،اسلام آباد، کراچی (اپنے رپورٹرسے ،نمائند گان ، ایجنسیاں )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر میں حکومت کیخلاف مظاہرے کئے گئے ، ریلیاں اوردھرنے دیئے گئے ، بعض شہروں میں پولیس نے ٹینٹ اکھاڑدیئے ، موجود کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

مظاہرین نے حکومت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی ،مظاہروں کے دوران حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے چھ مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور بعد ازاں لہتراڑ روڈ پر مظاہرین نے حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی ، مظاہرین نے اسرائیل اور امر یکہ کے خلاف اور فلسطین اور حسن نصر اللہ کے حق میں زبر دست نعرے بازی بھی کی۔ امیر جماعت اسلامی ضلع خانیوال ہارون الرشید نظامی کو خانیوال میں نیازی چوک سے گرفتار کیا گیا۔امیرجماعت اسلامی ضلع لودھراں ڈاکٹر طاہر فاروق کو بھی گرفتار کیا گیا۔اوکاڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے 8 کارکنوںو حراست میں لے لیا۔جڑانوالہ میں بھی پولیس اہلکاروں نے دھرنے میں لگے ٹینٹ اکھاڑ دئیے اور جماعت اسلامی کے متعدد کارکن گرفتار کرلئے ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق نے ملیر کالا بورڈ مین نیشنل ہائی وے پر احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پوری قوم اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج ہے ۔ کے الیکٹرک نے بھی کراچی کے عوام کاجینا مشکل کردیا ہے ۔اس دوران حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ شہید کی نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی منعم ظفر کی امامت میں ادا کی گئی۔ لاڑکانہ میں جناح باغ چوک پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے دھرنا دیا۔تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں جماعت اسلامی کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے ٹاور چوک پر احتجاجی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔دوسری جانب جماعت اسلامی نے راولپنڈی میں ہونے والا دھرنا ملتوی کر دیا۔

جماعت اسلامی نے 29 ستمبر کو مری روڈ پر لیاقت باغ چوک میں دھرنے کی کال دی تھی، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی راولپنڈی نے بتایا کہ دھرنا اب اگلے جمعہ کو دیا جائے گا۔وسطی پنجاب کے تمام اضلاع لاہور، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ،شیخوپورہ، اوکاڑہ ، ساہیوال ، قصور، ننکانہ ،پاک پتن، چنیوٹ، حافظ آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،وزیر آباد، جھنگ،میں بھر پور احتجاجی دھرنے دیئے گئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین ،بچوں اوربوڑھوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر لوگوں نے ہاتھوں میں بینرز ، پینا فلیکس ، چارٹ اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے ۔ لوگوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ ڈسٹرکٹ مقامات پر ہونے والے مظاہروں میں جماعت اسلامی کی مقامی ،ضلعی ، صوبائی اور مرکزی قیادت نے شرکت کی ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے لاہور میں احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وعدہ خلافی کرکے حکومت نے اپنے لئے ہی مسائل کھڑے کر دیئے ہیں ۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے اضلاع راجن پور،خانیوال،وہاڑی، لودھراں میں کارکن اور ذمہ داران گرفتار ہوئے ، گرفتاریوں کے باوجود چھوٹے بڑے مظاہرے ہوئے ۔ ادھر بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکسز ، آئی پی پیز کے خاتمے اور حکومتی وعدہ خلافی پر جماعت اسلامی نے لاہورمیں وحدت روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا، دھرنے کے شرکا سے خطاب میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاکہ اکتوبر میں عوامی ریفرنڈم کرکے عوام کو حق دلائیں گے ۔

دھرنے سے خطاب میں جنرل سیکرٹری امیر العظیم نے کہاکہ جنگل میں شیر ، چیتے بھیڑئیے بھی اتنے ظالم نہیں، جتنے حکمران ہیں ، ضیا الدین انصاری ، ذکراللہ مجاہد ، جاوید قصوری سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ دھرنے میں حریت رہنما حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔خانیوال میں چودھری افتخار، ملتان میں ڈاکٹر صفدر ہاشمی، راجن پور میں ڈاکٹر عرفان اللہ ملک، ڈیرہ غازی خان میں شیخ عثمان فاروق ڈپٹی قیم جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت میں دھرنا دیا گیا ۔مظاہرے کے دوران خانیوال روڈ جزوی بند رہا ۔ پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو گھیرے میں رکھا۔ مظفرگڑھ میں جماعت اسلامی کی جانب سے احتجاج کیا گیا،پولیس نے 5 احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لیا تو جماعت اسلامی کے کارکنوں نے تھانہ سٹی کے سامنے ہی احتجاجی دھرنا دیدیا۔ڈیرہ غازیخان میں جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے صحافیوں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں دھرنوں کا اعلان کیا گیا اور اس اعلان سے حواس باختہ ہوکر گرفتاریاں اور مقدمات بنانا شروع کردیئے ،امیر ضلع لودھراں ڈاکٹر طاہر احمد چودھری ،امیر ضلع خانیوال ہارون الرشید نظامی ایڈووکیٹ ،امیر ضلع راجن پور ڈاکٹر عرفان اللہ ملک،امیر ضلع گوجرانوالہ مظہر اقبال رندھاوا ،قمر رمضان حسن اور بڑی تعداد میں کارکنوں کو گرفتار کرکے لاک اپ میں بند کردیا۔

مزید براں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مسلم امہ کے حکمران ہوش کے ناخن لیں،عالمی دہشت گرد امریکہ و اسرائیل کے مظالم کو روکنے کے لیے منظم ہوجائیں،ایسا نہ ہو کہ آپ کی دولت اور فوجیں بھی آپ کے کام نہ آسکیں۔شہباز شریف کو یو این او میں دو ٹوک انداز میں بات کرکے مؤقف پیش کرنا چاہیے تھا ، دو ریاستی حل کی بات کرکے اسرائیل اور امریکہ کو کو خوش کرنا چاہتے ہیں،معلوم ہونا چاہیے تھا کہ قائد اعظم نے کہا تھا، اسرائیل امریکہ کی ناجائز اولاد ہے ،حکمران ایجنٹ کا کردار ادا نہ کریں بلکہ اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔مسلم حکمران آئرش وزیراعظم کی تقریر سے سبق سیکھ لیں،جماعت اسلامی یکم تا سات اکتوبر اہل فلسطین سے ہفتہ یکجہتی منائے گی،کراچی اور اسلام آباد میں بڑے ملین مارچز کا انعقاد کرے گی ، سات اکتوبر کو تمام سیاسی و دینی جماعتوں کے کارکنوں سے دن بارہ بجے سڑکوں پر آنے کی اپیل کرتے ہیں،حکومت کو چاہیے کہ سرکاری سطح پراس کا اہتمام کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے حیدر آباد میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حیدرآباد کا جلسہ عوامی مسائل کے حل، قومی ترقی استحکام کی تحریک کا آغاز ہے ، قائد کا جو غدار ہے موت کا حقدار ہے کے نعرے لگا کر لاشیں گرانے اور سانحہ 30 ستمبر اور پکا قلعہ آپریشن میں بڑے پیمانے پر خون بہانے والے مہاجر قوم پرست و سندھی قوم پرست انتہا پسند عوام دشمن جاگیرداروں سرمایہ داروں کے آلہ کار رہے ہیں،حیدرآباد گاڑی کھاتہ میں جماعت اسلامی نے رابطہ عوام و ممبر سازی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام کیا جس کی صدارت حافظ نعیم الرحمن نے کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں