آئینی ترامیم:5ارکان اسمبلی کا خصوصی شکریہ،اب ملک تیزی سے ترقی کریگا:وزیراعظم

آئینی ترامیم:5ارکان اسمبلی کا خصوصی شکریہ،اب ملک تیزی سے ترقی کریگا:وزیراعظم

اسلام آباد (دنیا نیوز، نامہ نگار ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 26ویں آئینی تر میم پر 5ارکان اسمبلی کا خصو صی شکریہ، اب ملک تیزی سے ترقی کریگا ، عوام کو جلد عدالتوں سے انصاف ملے گا، ترمیم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مؤثر ثابت ہوگی ۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئینی ترامیم دوتہائی اکثریت سے پارلیمنٹ نے منظور کی، آئینی ترمیم کی منظوری پرسب کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، آئینی ترمیم ملک کی ترقی، خوشحالی، معاشی اور سیاسی استحکام کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ عام آدمی کے کیسز سالوں سے عدالتوں میں لٹکے ہوئے ہیں، انصاف نہیں ملتا، آئینی بینچ کے قیام سے عام آدمی کو سہولت ملے گی، 2006 میں شہید بینظیر بھٹو اور نوازشریف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے تھے ، یہ اس ویژن کی بھی تکمیل ہے اور اس ویژن کی سچائی کی گواہی ہے ، اب بھی تمام سیاسی رہنماؤں سے اس ترمیم پر طویل مشاورت ہوئی، انتھک محنت اور مشاورت کے بعد ہر آئینی شق پر بات ہوئی اور ڈرا فٹ منظور کیا گیا۔ جنہوں نے اس ترمیم میں مدد کی ان تمام سیاسی لیڈران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، میرے قائد نوازشریف کی پوری رہنمائی اور مدد حاصل تھی۔ ترمیم پر مولانا فضل الر حمن سے تفصیلی گفتگو ہوئی، ایم کیو ایم ، اے این پی اور تمام سیاسی زعما نے بھی اس ترمیم پر مشاورت کی، تمام سیاسی زعما نے فرداً فرداً اور انفرادی معاونت کی، جس پر سب کا فرداً فرداً اور اجتماعی طور پر شکر گزار ہوں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ‘ایس سی او کانفرنس میں پاک فوج نے بھرپور مدد کی ، کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا امیج دنیا میں بڑھا، اس میں چیلنجز بھی کافی تھے ، سب سے بڑا دہشت گردی کا چیلنج تھا ۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کا شکر گزار ہوں، امن و امان یقینی بنانے والے تمام اداروں کا شکر گزار ہوں ۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آئے ، پاکستان کی معاشی ترقی میں آہستہ آہستہ بہتری اور نکھار آ رہا ہے ، اللہ کرے گا ہماری اجتماعی کاوشوں سے پاکستان آگے کی طرف رواں دواں ہوگا، اللہ کی مہربانی سے مہنگائی کی شرح 6.9 فیصد پر آگئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘غزہ اور لبنان کے بھائیوں کیلئے جتنا ہو سکا پاکستان نے کیا ، غزہ، لبنان میں ظلم و ستم جاری ہے ، بے گناہ بچوں اور خواتین کا قتل عام کیا جا رہا ہے ، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی سیزفائر کی قراردادوں پر عمل نہیں ہوا، دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں نے اس سے پہلے ایسے دلخراش مناظ نہیں دیکھے ۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ امید ہے دن رات کھیلی جانے والی خون کی ہولی کا خاتمہ ہوگا ،فلسطین اور غزہ کے بھائیوں کیلئے مزید امدادی سامان پہنچایا جائے گا ۔ قبل ازیں وفاقی کابینہ نے 8نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی جبکہ حج پالیسی 2025 کی منظوری ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی، کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر گھریلو تشدد کی روک تھام کے بل ڈومیسٹک وائلینس کی منظوری بھی دیدی ،وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین کی عدم شرکت کے باعث حج پالیسی پیش نہ ہو سکی ،وفاقی کابینہ نے گھریلو تشدد کی روک تھام کے بل ڈومیسٹک وائلینس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2024 کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجنے کی منظوری دی۔ اس بل کا اطلاق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پر ہوگا۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ یہ بل گھریلو تشدد کی روک تھام کے لئے انسٹی ٹیوشنل فریم ورک فراہم کرے گا۔ کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ اس بل کی منظوری سے گھریلو تشدد کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دلانے میں مدد ملے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے بورڈ آف مینجمنٹ میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ معظم اعجاز، انجینئر فہیم اقبال اور عاصم شہریار حسین کی بطور پرائیویٹ ممبران تعیناتی کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر کلیمز فارمینٹی نینس (ریکوری ایبراڈ) آرڈیننس 1959 کے تحت وفاقی وزارت قانون و انصاف کو درخواستیں وصول کرنے کے حوالے سے ٹرانسمٹنگ اینڈ ریسیونگ ایجنسی مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔وزارت قومی صحت کی سفارش پر نیشنل کونسل فار طب کی ایگزامننگ باڈی کی چیئرپرسن اور ممبران کی تقرری کی منظوری بھی دے دی گئی۔ ڈاکٹر شافیہ ارشد کو چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ باڈی کے ممبران میں ڈاکٹر رضوان آصف، محمد خورشید عالم، اکرام اللہ، معین الدین اور ڈاکٹر عطا اللہ شامل ہیں۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر فارمیسی کونسل آف پاکستان کی تنظیم نو کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیو کیسز پر رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے انسداد پولیو کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے انسداد پولیو پر اجلاس بھی طلب کر لیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں