148 روز،ساڑھے 53لاکھ مریضوں کا علاج،کلینک آن ویلز کی تعداد بڑھا ئینگے:مریم نواز

148 روز،ساڑھے 53لاکھ مریضوں کا علاج،کلینک آن ویلز کی تعداد بڑھا ئینگے:مریم نواز

لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب کے 37اضلاع میں کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں نے 148روز میں ساڑھے 53 لاکھ سے زائد مریضوں کو اُن کی دہلیز پر علاج کی سہولیات فراہم کیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اعلان کیا ہے فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن ویلز کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے اضلاع میں فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن ویلز کی طرف سے مریضوں کو اُن کی دہلیز پر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کلینک آن ویل کی سروسز سے روزانہ اوسطاً30ہزار سے زائد مریض مستفیدہورہے ہیں جن میں طبی مشاورت، ٹیسٹ اورالٹرا ساؤنڈ کی سہولت بھی دستیاب ہے ۔ بتایاگیا ہے پنجاب بھر کے سیمی اربن اور گنجان علاقوں میں 202 کلینک آن ویل وین اور 42الٹرا ساؤنڈ پلس وین سروسز فراہم کررہے ہیں جبکہ لاہو رکے سیمی اربن اور گنجان آبادعلاقوں میں 15 کلینک آن ویلز او ر3الٹرا ساؤنڈ گاڑیاں مصروف خدمت ہیں۔اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کلینک آن ویلز کی تعدادمیں مزید اضافہ کیا جائے گا ، تمام وسائل عوام پر ہی خرچ کریں گے ،اچھا علاج، ادویات اور ٹیسٹ دیہات میں رہنے والوں کا حق ہے ،ہر شہری کو دہلیزپر علاج کی سہولت فراہم کرنے کا عہد نبھائیں گے ۔ اُنہوں نے کہا اس پراجیکٹ کی ڈیلی مانیٹرنگ ہورہی ہے ۔ بتایا گیا ہے پنجاب کے دوردراز علاقوں میں 7لاکھ36ہزار سے زائد افراد نے فیلڈ ہسپتالوں سے علاج کرایا۔عالمی یوم مہربانی پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کسی کا بوجھ بانٹنا،دل جوئی کرنا،مسکرا کر بات کرنا نبی کریم ؐکی سنت مبارکہ ہیں۔مہربانی ایسی غیر مرئی طاقت ہے جس کے اثرات دل میں محسوس ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا چھوٹی چھوٹی مہربانی بھی بڑے مثبت اثرات مرتب کرتی ہے ، مہربانی وہ روشنی ہے جو دلوں میں سکون پیدا کرتی ہے ۔ اُن کاکہنا تھا خواہش ہے پاکستان میں ہر دل خوش اور ہر چہرہ مسکراتا نظر آئے ۔ مہربانی کو زندگی کا حصہ بنائیں، آئندہ نسل کو بہتر دنیا دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں